سری نگر/05 نومبر2024ئنائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں پلوامہ اور شوپیاں اَضلاع میں جاری پی ڈبلیو ڈی پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں پانپور، زینہ پورہ اور راج پورہ حلقوں کے ایم ایل اے ، سیکرٹری پی ڈبلیو ڈی ،چیف اِنجینئر پی ایم جی ایس وائی کشمیر ، سپر اِنٹنڈنٹ اِنجینئر آر اینڈ بی سرکل پلوامہ و شوپیاں اور محکمہ کے دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔ نائب وزیر اعلیٰ نے میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے دونوںاَضلاع میں مختلف سکیموں کی بروقت تکمیل پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کے لئے باقاعدگی سے نگرانی کی جانی چاہئے کہ کام طے شدہ اصولوں اور طریقہ کار کے مطابق ہو۔اُنہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ افراد قوت اور مشینری کو متحرک کریں تاکہ اہم منصوبوں کو جلد از جلد لوگوں کے فائدے کے لئے اِستعمال میں لایا جا سکے۔انہوں نے کوالٹی مینجمنٹ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فیلڈ افسران کو مو¿ثر چیک اینڈ بیلنس رکھیں تاکہ پروجیکٹوں کا معیار برقرار رہے۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم منتخب حکومت ہیں اور ہمیں مقامی عوام کے فائدے کیلئے فیصلے کرنے ہیں۔اُنہوں نے کہا،”تمام اَفسروں کو مقامی ایم ایل اے سے رائے لینی چاہیے تاکہ مقامی ضروریات اور مطالبات کو آگے بڑھایا جا سکے۔ ہمیں مقامی آبادی کی ضروریات کو ترجیح دینے کی کوشش کرنی ہوگی۔“اُنہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کو اَپنے علاقوں میں کئے گئے کام سے مطمئن ہونا چاہیے کیوں کہ ہم یہاں لوگوں کی خاطر ہیں۔
دورانِ میٹنگ سریندرکمار چودھری نے مختلف سکیموں کے جاری کاموں کی حلقہ وار تفصیلات حاصل کیں جن میں تخمینہ لاگت، ٹینڈرنگ سٹیٹس، اخراجات، یو ٹی سیکٹر کی مختلف سکیموں کی تکمیل کی تاریخ، مرکزی معاونت والی سکیمیں اور ضلع سیکٹر سکیمیں شامل ہیں۔
یو ٹی سیکٹرسکیموں کے تحت نبارڈ آر آئی ڈی ایف (سٹیٹ سیکٹر)، روڈ سیکٹر، گڑھے، برج پروگرام، ہائی وے اور آرام کی جگہیں، مغل روڈ اور دیگر محکمانہ کاموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سی ایس ایس کے تحت جے ٹی ایف آر پی (ورلڈ بینک)، پی ایم ڈی پی (ٹرانزٹ رہائش)، سینٹرل روڈ اینڈ انفراسٹرکچر فنڈ (سی آر آئی ایف) اور دیگر کاموں پر بھی بحث و تمحیص ہوئی۔
میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ رواں مالی سال 2024-25 ءکے دوران شوپیاں اور پلوامہ اضلاع میں 148 کلومیٹر، پلوامہ میں 104 کلومیٹر اور شوپیاں میں 44 کلومیٹر سڑکیں بنائی گئی ہے۔میٹنگ کو حلقہ وار اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے بتایا گیا کہ پلوامہ، راج پورہ، پانپور، ترال میں اس عرصے کے دوران بالترتیب 26، 27، 26 اور 22 کلومیٹر ک میکڈیمائز یشن کا عمل پورا کیا گیا ہے ۔ اِسی طرح شوپیاں اور زینہ پورہ میں بالترتیب 30 اور 13 کلومیٹر سڑک کو میکڈیمائز کیا گیا۔
میٹنگ میں مختلف میگا پروجیکٹوں پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میں لیتھ پورہ اور ایلوپورہ میں مائیگرنٹوںکے لئے ٹرانزٹ رہائش، زینہ پورہ اور راج پورہ میں گورنمنٹ ڈِگری کالج، ایمز اونتی پورہ تک فور لین اپروچ روڈ اور اضلاع میں لمبے پُل شامل ہیں۔