بارہمولہ/05 نومبر2024ئ
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج بارہمولہ کا دورہ کیا اور سیو یوتھ سیو فیوچر فاو¿نڈیشن کے زیر اہتمام منعقدہ ”رابطہ ۔عوام پروگرام“ کے دوران نوجوانوں سے اِستفساری گفتگو کی۔
اُنہوںنے کہا کہ ہمارے لوگوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ اُنہوں نے مجرموں اور دہشت گردوں کی مدد کرنے والوں اور انہیں پناہ دینے والوں کو متنبہ کیا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،”ہم اَپنے لوگوں کو نشانہ بنانے میں دہشت گردوں اور ان کی مدد کرنے والوں کو نہیں بخشیں گے۔ ہم انہیں کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ لوگوں کو دہشت گردی کے مرتکب اَفرادکے خلاف اُٹھ کھڑا ہونا چاہئے۔ سیکورٹی فورسز، اِنتظامیہ اور عوام کو دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مل کر کام کرنا چاہئے۔“
اُنہوں نے جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو بااِختیار بنانے اور اُنہیں بہتر کل کے لئے ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے ضروری مواقع اور سہولیات فراہم کرنے کی خاطر حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے باصلاحیت نوجوانوں کو یقین دلایا کہ انہیں بااِختیار بنانا حکومت کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر کہا ،” ہمارے نوجوان تخلیقی صلاحیتوں کی بے خوف قوت اور مثبت تبدیلی کے علمبردار کے طور پر ایک روشن اور متحرک جموں و کشمیر کی تعمیر کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں جموں و کشمیر کے نوجوانوں کی اُمیدوں ، اُمنگوں اور خوابوں کو پورا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔“
اُنہوں نے قوم کی تعمیر میں نوجوان نسل کے اہم کردار پر زور دیتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر میں امن اور ترقی کے لئے ملک کے بانیوں کے نظریات اور اَقدار پر عمل کرتے ہوئے ٹیم کے جذبے کے ساتھ کام کریں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ سماج کے لئے ایک نئی تقدیر کو بنانے کی خواہش اور عزم سے روشن نوجوانوں کی مشترکہ طاقت “ وِکست بھارت ‘ اور ایک پُر سکون، پُرامن، خوشحال جموں کشمیر کے سفر میں سب سے بڑی طاقت ہوگی۔
اُنہوں نے گزشتہ چند برسوں میں حکومت کی اہم اِصلاحات اور اَقدامات کا ذکر کرتے ہوئے ترقی اور امن کے مشترکہ مقصد کو حاصل کرنے کے لئے نوجوانوں کی توانائی کو متحرک کرنے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔