سری نگر:۹، نومبر : : وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ہفتے کے روز عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ سردیوں یعنی موسم سرمامیں لوگوں کو پریشانی کا شکار نہ ہونے دیں کیونکہ خشک موسم نے چیلنجوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ مناسب بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے جوانوں اور مشینری کو تیار رکھیں۔یہ ہدایات یہاں سول سیکرٹریٹ میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی زیر صدارت ایک اجلاس میں دی گئیں۔جے کے این ایس کے مطابق ہفتہ کو یہاں سیول سیکرٹریٹ سری نگرمیں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی زیرصدارت اعلیٰ افسران کی ایک اہم میٹنگ منعقدہوئی ،جس میں وزیراعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، چیف سیکرٹری جموں و کشمیر اٹل ڈلو، پرنسپل سیکرٹری خزانہ محکمہ، چیف منسٹر کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری، محکمہ داخلہ کے پرنسپل سیکرٹری، محکمہ فنانشل کمشنر جل شکتی، کمشنر سیکرٹری جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ ،کمشنر سیکرٹری ہاو ¿سنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، ڈویڑنل کمشنر کشمیر، اے ڈی جی پی فائر اینڈ ایمرجنسی سروس، آئی جی پی کشمیر، انتظامی سیکریٹری صحت اور طبی تعلیم محکمہ، انتظامی سیکریٹری (آر اینڈ بی)، انتظامی سیکریٹری دیہی ترقی محکمہ، انتظامی سیکریٹری خوراک اور امور صارفین شہری سپلائی نے شرکت کی جبکہ تمام ڈپٹی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اس میٹنگ میں حصہ لیا۔میٹنگ میں موسم سرما کی تیاریوں کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا جس میں محکموں کو سخت ہدایات جاری کی گئیں۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سرکاری عہدیداروں بشمول افسروں اورانجینئروں سے کہا کہ وہ سردیوں میں لوگوں کو تکلیف نہ ہونے دیں اور وادی میں خشک موسم کی وجہ سے درپیش چیلنجوں سے نمٹیں۔میٹنگ میںدریائے جہلم اور دیگر ندی نالوں میں بارش اور پانی کی کم سطح کے درمیان بجلی اور پانی کی مناسب فراہمی کے مسائل کے علاوہ برف باری کے بعد سڑکوں کی صفائی کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔سردیوں کے لیے راشن اور دیگر چیزوں کا مناسب ذخیرہ رکھنے کے لیے بھی ہدایات جاری کی گئیں