جموں/06فروری2025ئلیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج کنونشن سینٹر میں اے بی وِی پی کے طلباءایکسپیئرینس اِن اِنٹرسٹیٹ لیونگ (ایس اِی آئی ایل)اَقدام کے تحت جموں کا دورہ کرنے والے شمال مشرقی رِیاستوں کے نوجوانوں سے بات چیت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ایک مضبوط اور وِکست بھارت کی تعمیر کے لئے مل کر کام کریں۔اُنہوں نے کہا،” میں چاہتا ہوں کہ ہمارے نوجوان معاشرے کے کمزور اور پسماندہ طبقوں کی ضروریات اور اُمنگوں پر توجہ مرکوز کریں تاکہ وہ ترقیاتی عمل میں حصہ لے سکیں اور ہمہ جہت ترقی میں اپنا حصہ اَدا سکیں۔“منوج سِنہانے اَپنے خطاب میں اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وِی پی) کے اِس اقدام کی ستائش کی جس کا مقصد اتحاد کو فروغ دینا اور نوجوانوں کو کثرت میں وحدت کا تجربہ کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔اُنہوں نے کہا،”مجھے اِس بات پر بے حد فخر ہے کہ دُنیا کی سب سے بڑی طلبہ تنظیم اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد اپنے قیام سے ہی جغرافیائی فاصلے کو ختم کرکے اتحاد اور بھائی چارے کے جذبے کو مضبوط بنانے میں اہم رول اَدا کر رہی ہے اور نوجوانوں کو ہندوستان کی ثقافت سے جوڑ رہی ہے۔“