سرینگر//کے این ایس15 مارچ : مسلسل بارش کے درمیان سنیچر کے روزجے ایل این ایم اسپتال رعناواری کی چاردیواری کا ایک حصہ منہدم ہوگیا، جس سے اسپتال کے احاطے میں کھڑی کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ وادی میں مسلسل بارش کے دوران ملکہ راناواری اور جے ایل این ایم ہسپتال کو الگ کرنے والی دیوار گر گئی۔ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر طارق جان نے بتایا کہ دیوار پرانی تھی اور ملکہ کی طرف سے مٹی نکالنے کی وجہ سے ڈھیلی زمین پر کھڑی تھی۔کشمیرنیوز سروس ( کے این ایس ) کے مطابق انہوں نے کہا کہ یہ ایک پرانی دیوار تھی، مٹی بھی ڈھیلی تھی اور ایک ہفتے سے بارشیں نہیں رکی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ "ہم مطلوبہ منظوری حاصل کرنے کے بعد جلد ہی ایک نئی دیوار کا عمل شروع کریں گے۔”تباہ ہونے والی گاڑیاں زیادہ تر ہسپتال کے عملے کی تھیں۔