سری نگر:۳۲، اپریل: : پولیس کنٹرول روم سری نگرمیں مہلوک شہریوں بشمول سیاحوں کے اعزازمیں منعقدہ پھولوںکی چادرچڑھانے کی تقریب میں شرکت کے بعد مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ بدھ کے روز بیسرن گھاس کے میدان پر پہنچے، جہاں منگل کے روزہوئے دہشت گردانہ حملے میں26 معصوم سیاحوں کی جانیں گئیں۔جے کے این ایس کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے دہشت گردی کے مقام پر پہنچے اور اعلیٰ فوجی حکام نے اُنھیں پہلگام کی مضافاتی وادی بایسران میں پورے واقعے اور صورتحال کی جانکاری فراہم کی۔اس موقعہ پر ڈویژنل کمشنر کشمیر وی کے بردھی اوردیگرسینئر سیول وسیکورٹی حکام بھی موجودتھے۔مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ کی آمد کے پیش نظراس پورے جنگلاتی علاقے میں سیکورٹی کو بڑھا دیا گیا تھا۔معلوم ہواکہ وزیرداخلہ نے سیکورٹی حکام سے سیاحتی مقامات کی حدودمیں سیکورٹی کو مزید سخت کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے سفاکانہ قتل عام میں ملوث دہشت گردوں کو ڈھونڈنکال کر کیفر کردار تک پہنچانے کوکہا۔انہوںنے سیکورٹی حکام سے کہاکہ وہ دہشت گردوںکو سنبھلنے کا کوئی موقعہ دئیے بغیراُن کوقرار واقعی سزادیں۔فوجی حکام نے وزیرداخلہ کو بتایاکہ معصوم سیاحوںکی ہلاکت میں ملوث دہشت گردوںکی تلاش کیلئے پہلے ہی بڑے پیمانے پرتلاشی آپریشن شروع کیاگیا ہے اوربہت جلد اُن کا سراغ لگاکر اُنھیں اُنکے کئے کی سزادی جائے گی