جموں/17فروری 2026ئجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی نے آج سابق وزیر پیرزادہ غلام احمد شاہ اور سابق ایم ایل سی برج موہن شرما کے اِنتقال پر اُنہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔سپیکر قانون ساز اسمبلی عبدالرحیم راتھر نے مرحوم عوامی رہنماو¿ں کے لئے تعزیتی قرارداد پڑھتے ہوئے پیرزادہ غلام احمد شاہ کو ایک باصلاحیت منتظم قرار دیا جن کا عوامی کیریئر ایوان کے اندر اور باہر نمایاں رہا۔اُنہوں نے کہا کہ پیرزادہ غلام احمد شاہ نے سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی قیادت میں سابقہ حکومتوں میں کئی بار بطور وزیر خدمات انجام دِی ہیں۔سپیکر موصوف نے بتایا کہ پیرزادہ پہلی مرتبہ 1983 ءمیں دیوسر حلقہ اِنتخاب سے جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے لئے منتخب ہوئے اور ایوان کی کئی اہم کمیٹیوں بشمول پبلک اکاو¿نٹس کمیٹی، پبلک انڈرٹیکنگز کمیٹی اور کمیٹی آن ایسٹی میٹس کے رُکن رہے۔ وہ 1987 ءاور پھر 1996 ءمیں اسی حلقے سے دوبارہ منتخب ہوئے۔اُنہوں نے کہا کہ پیرزادہ غلام احمد شاہ ایک ممتاز عوامی شخصیت اور ایک مخلص قانون ساز تھے جنہوں نے اَپنی زِندگی عوامی خدمت اور لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے وقف کی۔ وہ اَپنی لگن، دیانتداری اور اپنے حلقے سمیت پورے یونین ٹیریٹری کی ترقی میں اہم کردار کے لئے بڑے احترام کے حامل تھے۔
اپنے عوامی کیریئر کے دوران پیرزادہ غلام احمد شاہ نے کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دیں۔ وہ پبلک اکاو¿نٹس کمیٹی کے رکن، سٹیٹ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے رکن اور مسلم اوقاف ٹرسٹ کے رکن بھی رہے۔
سپیکر عبدالرحیم راتھر نے آنجہانی برج موہن شرما کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک منکسر المزاج اور منظم انسان تھے اور ہمیشہ سادگی اختیار کئے رہے۔
اُنہوں نے کہا کہ برج موہن شرما 17 مارچ 2001 ءسے 16 مارچ 2007 ءتک سابق قانون ساز کونسل کے رُکن رہے اور اُنہوں نے یہ خدمات پُر خلوص عوامی فلاح کے لئے انجام دیں۔
بعد میں ایوان نے مرحومین کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اِختیار کی۔





