جموں/19فروری 2026ئوزیر برائے صحت و طبی تعلیم سکینہ ایتو نے آج اسمبلی میں بتایا کہ محکمہ اِس وقت موجودہ صحت سہولیات کی مضبوطی اور توسیع پر توجہ مرکوز کر رہا ہے جو کہ آئی پی ایچ ایس 2022 کے معیارات کے مطابق ہے تا کہ جموں و کشمیر بھر میں مریضوں کو بہتر صحت خدمات فراہم کی جا سکیں ۔ اُنہوں نے یہ بیان قانون ساز الطاف احمد وانی کے سوال کے جواب میں دیا ۔ وزیر نے کہا کہ آئی پی ایچ ایس 2022 کے معیارات کے مطابق جن اضلاع کی آبادی 5 لاکھ سے کم ہے اور جہاں فعال ڈسٹرکٹ ہسپتال ( ڈی ایچ ) موجود ہے وہاں سب ڈسٹرکٹ ہسپتال ( ایس ڈی ایچ ) کی ضرورت نہیں ہے ۔ 5 سے 10 لاکھ کے درمیان آبادی والے اضلاع میں ایک ایس ڈی ایچ ہو سکتا ہے اور اس کے بعد ہر دس لاکھ آبادی پر ایک ایس ڈی ایچ کو جامع ثانوی سطح کی صحت کی خدمات فراہم کرنے کیلئے غور کیا جا سکتا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان معیارات کے مطابق 20 لاکھ تک آبادی والے ضلع میں ایک ڈی ایچ اور دو ایس ڈی ایچ ہو سکتے ہیں جبکہ جموں و کشمیر کے ہر ضلع میں آئی پی ایچ ایس 2022 کے مطابق قابل اجازت سے زیادہ ایس ڈی ایچ موجود ہیں ۔




