سری نگر/23جون 2026ئوزیر برائے اعلیٰ تعلیم سکینہ اِیتو نے طلبا¿ کی فلاح و بہبود کو اوّلین ترجیح قرار دیتے ہوئے آج کہا کہ اعلیٰ تعلیمی شعبے میں مسلسل اِصلاحات ضروری ہیں تاکہ کالجوں کو مزید قابلِ رسائی، جامع اور طلبا¿ کی اُمنگوں کے مطابق بنایا جا سکے۔اُنہوں نے اِن باتوں کا اِظہار جموں و کشمیر کے گورنمنٹ ڈِگری کالجوں میں جاری داخلہ عمل کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔دورانِ میٹنگ سکینہ اِیتو نے تمام گورنمنٹ ڈِگری کالجوں میں داخلہ کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور اعلیٰ تعلیم محکمہ اور کالج اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ جن اِداروں میں داخلہ کی شرح نسبتاً کم ہے وہاں بیداری اور رسائی سے متعلق سرگرمیوں کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبا¿ اعلیٰ تعلیم تک رَسائی حاصل کر سکیں۔
وزیر موصوفہ نے اِس بات پر زور دیا کہ پرنسپلوں اور فیکلٹی ممبران کو طالب علموں اور والدین کے ساتھ فعال رابطہ قائم کرنا چاہیے تاکہ گورنمنٹ ڈِگری کالجوں میں دستیاب تعلیمی پروگراموں، سکالرشپ مواقع اور کیریئر کے راستوں کے بارے میں زیادہ سے زیادہ بیداری پیدا کی جا سکے۔
داخلہ اعداد و شمار کا جائزہ لیتے ہوئے سکینہ ایتو کوجانکاری دی گئی کہ حکومت کی جانب سے داخلہ عمل کو آسان اور سہل بنانے کے لئے کئے گئے مختلف اقدامات متعارف کرنے کے بعد رواں برس کالجوں میں طالب علموںکے داخلوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔



