پونچھ/وزیربرائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی اَمور محکمہ جات جاوید احمد رانا نے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں کے اپنے دورے کو جاری رکھتے ہوئے ہفتہ کے روز سرنکوٹ کے دھارا سنگلہ کا دورہ کیا اور حالیہ لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے متاثرہ کنبوں کے اَفراد سے بات چیت کی ۔یہ دورہ وزیر موصوف کے گزشتہ کئی دنوں سے جاری سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ پیرپنجال خطے کے وسیع دورے کا حصہ تھا جس کا مقصد زمینی صورتحال کا جائزہ لینا، اِمدادی اور بحالی کے کاموں کا معائینہ کرنا اور متاثرہ آبادی کو بروقت اِمداد کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
اُنہوں نے دھارا سنگلہ میں جاں بحق اَفراد کے لواحقین سے تعزیت کا اِظہار کیاجنہوں نے اَپنے پیاروں کو کھودیا اور انہیں یقین دِلایا کہ حکومت دُکھ اور مشکل کی اس گھڑی میں اُن کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑی ہے ۔اِس موقعہ پر وزیرکے ہمراہ ممبر قانون ساز اسمبلی سرنکوٹ چودھری محمد اکرم اور مختلف محکموں کے اَفسران بھی تھے ۔







