- شعبہ اردو کشمیر یونی ورسٹی کی جانب سے 10 مئی 2024 بہ روز جمعہ صدر شعبہ اردو پروفیسر عارفہ بشری صاحبہ کی صدارت میں ایک آن لائن توسیعی خطبے کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ توسیعی خطبے کا عنوان "اردو نظم:صنف،ہئیت اور روایت” تھا جسے اردو زبان و ادب کے معتبر نقاد اور استاد شعبہ اردو جامعہ ملیہ اسلامیہ پروفیسر کوثر مظہری صاحب نے مرحمت فرمایا۔ صدر شعبہ اردو نے مہمان کا تعارف پیش کرتے ہوئے مقرر مہمان کی تنقیدی حسیت اور اردو نظم و نثر پر ان کی غائر نظر کے حوالے سے چند اہم تعارفی نکات پیش کیے۔ اس کے بعد پروفیسر کوثر مظہری صاحب نے صنف کے تصور کی تعریف کرتے ہوئے اسے فکری و متنی تحدیدات کے عمومی تصور کی روشنی میں صنف اور ہئیت کے مابین رشتے کی نوعیت کو اردو نظم کی روایتی اور جدید نظریاتی رجحانات اور رویوں کے پس منظر میں رکھتے ہوئے اردو شعری اصناف میں نظم کی ہئیت کے افتراقاتی رشتے کی بنیاد پر اردو نظم کی مخصوص ہئیت پر سیرحاصل روشنی ڈالی۔ اس کے بعد خطبے کے دوسرے حصے میں اردو نظم کی موضوعی و صنفی تشکیل کے رسومیاتی تصور کی روشنی میں اردو نظم کے قدیم و جدید رویوں پر بھی روشنی ڈالی۔ اس آن لائن خطبے میں شعبہ اردو کے اساتذہ میں ڈاکٹر کوثر رسول صاحبہ، ڈاکٹر مشتاق حیدر صاحب کے ساتھ ساتھ دیگر اساتذہ میں ڈاکٹر ریاض احمد کمار، ڈاکٹر محمد ذاکر،ڈاکٹر راکیش کمار، ڈاکٹر اویس احمد، ڈاکٹر محمد یونس اور ڈاکٹر روحی سلطان شامل رہے۔ علاوہ ازیں اس خطبے میں شعبہ اردو کے ریسرچ اسکالر اور طلبا بھی جڑے رہے۔ آخر پر ڈاکٹر محمد یونس نے شکرانے کی رسم ادا کی۔ خطبے کی نظامت شعبےکے فعال استاد ڈاکٹر مشتاق حیدر صاحب نے فرمائی۔