سری نگر/18 جولائی2024ئچیف جسٹس ( قائم مقام ) جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ جسٹس تاشی ربستن نے آج سری نگر کے مومن آباد میں ڈِسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا اورجوڈیشل اَفسران، بار ممبران، قانون چارہ جوئی اور دیگر شراکت داروں کو درپیش مسائل کو حل کیا۔پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سری نگر جواد احمد اور ضلع سری نگر کے دیگر عدالتی اَفسران نے جسٹس تاشی ربستن کا والہانہ اِستقبال کیا۔جسٹس تاشی ربستن نے عدالتی افسران کے ساتھ ایک اِستفساری سیشن میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے اِنصاف کی فراہمی کے نظام کی مجموعی اِفادیت میں گہری دلچسپی کا اِظہار کیا۔ اُنہوں نے عدالتی اَفسران کی طرف سے اُٹھائے گئے مسائل کو بغور سںا اور فوری اَزالے کی یقین دہانی کی جو عدالتی عمل اور بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے میں اُن کی لگن کی عکاسی کرتا ہے۔
دورے کے دوران جواد احمد نے ڈِسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی پرزنٹیشن دی جس میں ڈِسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس کے مرحلہ دوم کی تعمیر کے بارے میں جامع معلومات شامل تھی جس کا مقصد عدالتی اِنفراسٹرکچرکپسٹی ، سہولیات اور کمرہ عدالتوں کے اندر سی سی ٹی وِی کیمروں کی تنصیب کو بڑھانا ہے ۔اُنہوں نے عدالتی احاطے میں سیکورٹی اِنتظامات کو بہتر بنانے کی فوری ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے تمام شراکت داروںکے لئے محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کی کوششوں پر زور دیا۔