سرینگر، 08 مارچ (کے این ایس): جموں و کشمیر حکومت نے کل سے پورے کشمیر میں تمام تعلیمی ادارے سرمائی تعطیلات کے بعد دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس سلسلے میںتمام طیاریاں پہلی ہی مکمل کی گئی ہے۔ وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے اتور کو کہا ہے کہ تمام تعلیمی اداروں میں باضابط طور 9مارچ سے درس و تدریس کا عمل شروع ہوگا۔کشمیرنیوز سروس ( کے این ایس )کے مطابق وزیرتعلیم سکینہ ایتو نے کہا کہ یہ فیصلہ زمینی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا، "صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد، ہم نے پیر سے کشمیر کے تمام اضلاع میں اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔”مشرق وسطیٰ میں حالیہ پیش رفت کے بعد جموں و کشمیر کے کچھ حصوں میں مظاہروں کی اطلاع کے درمیان احتیاطی اقدام کے طور پر گزشتہ ہفتے اداروں کو بند کر دیا گیا تھا۔دریں اثنا، آٹھویں جماعت تک کے اسکول بھی دو ماہ سے زائد کی موسم سرما ئی تعطیلات کے بعد دوبارہ کھلیں گے، جب کہ جموں کے سرمائی زون میں 23 فروری کو 9ویں سے 12ویں جماعت تک کی کلاسوں نے پہلے ہی تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر دی تھیں۔






