پونچھ/ وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور محکمہ جات جاوید احمد رانا نے آج ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے دور افتادہ علاقے نندی چول کا دورہ کیا جہاں حالیہ لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے نتیجے میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور بڑے پیمانے پر نقصان ہوا۔اُنہوں نے غمزدہ ماحول میں متاثرہ اور سوگوار کنبوں سے ملاقات کی، ان سے اس المناک حادثے کی رود اد سنی اور ان کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اِظہار کیا۔ اُنہوں نے متاثرہ کنبوں کو یقین دِلایا کہ حکومت دُکھ اور مشکل کی اس گھڑی میں شانہ بہ شانہ کھڑی ہے۔ وزیر موصوف نے قیمتی اِنسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دُکھ کا اِظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس المناک سانحے نے پورے ضلع کو غمگین کر دیا ہے اور یقین دلایا کہ حکومت اس مشکل اور کٹھن وقت میں ہر متاثرہ کنبے کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرتی ہے۔اُنہوں نے کہا،”اپنے کسی عزیز کو کھونے کا دُکھ الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا لیکن میں ہر سوگوار کنبے کو یقین دِلانا چاہتا ہوں کہ حکومت دُکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ہم ہر ممکن اِمداد فراہم کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہیں کہ ہر متاثرہ کنبہ کو اَپنی زِندگی وقار کے ساتھ دوبارہ تعمیر کرنے کے لئے درکار اِمداد حاصل ہو۔“








