اودھمپور/اڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ تعمیرات عامہ (پی ڈبلیو ڈِی) انیل کمار سنگھ نے آج اُودھمپور سے چنانی تک قومی شاہراہ۔44 کے لینڈ سلائیڈ سے متاثرہ حصوں کا تفصیلی معائینہ کیا تاکہ نقصان اور بحالی کے کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔اِس موقعہ پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر اودھمپور منگا شیرپا، سول اِنتظامیہ، ٹریفک پولیس اور نیشنل ہائی ویز اَتھارٹی آف اِنڈیا (این ایچ اے آئی) کے اَفسران بھی تھے۔دورے کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو حالیہ لینڈ سلائیڈنگ سے اُودھمپور۔چنانی شاہراہ پر ہوئے نقصانات، ملبہ ہٹانے، سڑک کی مرمت اور ٹریفک کی بحالی کے لئے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔اے سی ایس نے ذاتی طور پر صورتحال کا جائزہ لیااور این ایچ اے آئی حکام کو ہدایت دی کہ بحالی کے کاموں میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ شاہراہ کو جلد از جلد مکمل طور پر بحال کر کے عام لوگوں اور مسافروں کو درپیش مشکلات کم کی جا سکیں۔ اُنہوں نے ٹولڈی پُل کے مقام کا بھی معائینہ کیا اور پُل کی تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیا۔






