اننت ناگ/ چیف سیکرٹری اَتل ڈولونے آج امہ نگری بریانگن شانگس میں واقع ماتااُ ما بھگوتی مندر کا دورہ کیا اور اُما بھگوتی استھاپن ٹرسٹ کی جانب سے منعقدہ مورتی پرتشٹھان دیوس کی تقریبات میں شرکت کی۔ یہ تقریبات دو روزہ یگیہ اور دیگر روحانی و مذہبی پروگراموں کے ساتھ نہایت عقیدت اور جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہیں۔چیف سیکرٹری نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، مندر میں حاضری دِی اور جموں و کشمیر کے لوگوں کے امن، خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لئے دُعا کی۔ اُنہوں نے مورتی پرتشٹھان دیوس کی مناسبت سے منعقدہ کلش پوجا اور دیگر مقدس مذہبی رسومات میں بھی حصہ لیا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ، ضلعی اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران، اُما بھگوتی استھاپن ٹرسٹ کے ارکان اور بڑی تعداد میں عقیدت مند بھی موجود تھے۔چیف سیکرٹری نے مندر میں جاری ثقافتی ورثہ کے تحفظ کے اَقدامات کا ذِکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تاریخی اور روحانی اہمیت کے حامل ایسے مقامات کے تحفظ کے لئے پوری طرح پُرعزم ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ مندرکے لئے جاری ترقیاتی منصوبے میں مزید ضروری کام بھی شامل کئے جائیں گے تاکہ عقیدت مندوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں اور مندر کے تقدس کو ہر لحاظ سے محفوظ رکھا جا سکے۔






