سری نگر// جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ کا کہنا ہے کہ پولیس دیگر سیکورٹی فورسز کے ساتھ کام کرکے ملی ٹنٹوں کو لوگوں کے جان و مل کو نقصان پہنچانے سے دور رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملی ٹنٹوں اور پاکستان نواز طاقتوں کو بڑی تکلیف ہوتی ہے جب کوئی لوگوں اور ملی ٹنٹوں کی گولی کے درمیان کھڑا ہو تا ہے۔موصوف نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز قصبہ سوپور کے مقام بوٹنگو میں بانڈی پورہ میں جمعے کی شام ہلاک ہونے والے پولیس اہلکار کے گھر پر تعزیت پرسی کرنے کے موقع پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ان کے ساتھ کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔بتادیں کہ شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے گلشن چوک میں جمعے کی شام مشتبہ جنگجوؤں نے ایک پولیس پارٹی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکاروں کی بر سرموقع ہی موت واقع ہوئی۔پولیس نے متوفین کی شناخت کانسٹیبل محمد سلطان اور کانسٹیبل فیاض احمد کے بطور کی۔دلباغ سنگھ نے کہا: ’پولیس لوگوں کی بھلائی کے لئے کام کر رہی ہے۔ ملی ٹنٹوں اور پاکستان نواز طاقتوں کو بڑی تکلیف ہوتی ہے جب کوئی لوگوں اور ملی ٹنٹوں کی گولی کے درمیان کھڑا ہوجاتا ہے‘۔ان کا کہنا تھا: ’پولیس ہی دوسرے سیکورٹی فورسز کے ساتھ کام کرکے لوگوں کے جان ومال کو ملی ٹنٹوں سے محفوظ رکھتی ہے‘۔موصوف سربراہ نے کہا کہ ملی ٹنٹ مایوس ہوکر ایسی کارروائیاں انجام دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بانڈی پورہ واقعے میں پولیس کو کچھ سراغ مل گئے ہیں جن پر کام کیا جا رہا ہے۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ شمالی کشمیر میں ملی ٹنٹوں کی زیادہ تعداد موجود نہیں ہے تاہم حالیہ دراندازی کے دوران جو ملی ٹنٹ اس طرف داخل ہوئے ہیں ان میں سے کئی انکاؤنٹرس میں مارے گئے۔