نئی دہلی//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج لنگروں اور بھنڈاروں کی مختلف اَنجمنوں کے اَرکان کے ساتھ تبادلہ خیال کیا جو سالانہ شری اَمرناتھ شرائین یاترا کے دوران یاتریوں کی خدمت کرتی ہیں۔شری اَمرناتھ برفانی لنگرس آرگنائزیشن( ایس اے بی ایل او) اور شری اَمرناتھ یاترا بھنڈارا آرگنائزیشن( ایس اے وائی بی او)کی نمائندگی کرنے والے تقریباً 20اَرکان نے لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی اور یاترا کے اَحسن اِنعقاد کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا۔ میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار ، ایڈیشنل سی ای او ایس اے ایس بی رائل سنگھ اور ڈپٹی سی ای او وِکاس آنند نے شرکت کی۔ اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموںوکشمیر یوٹی حکومت یاتریوں کے لئے عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے ، پوتر گپھا کی یاترا کے دوران لنگروں اور بھنڈاروں کی سہولیت فراہم کرنے کے لئے پُر عزم ہے۔ اُنہوں نے کہا ،’’ پوتر یاترا ہمدردی ، روحانیت ، خدمت اور امن کی علامت ہے ۔ یاترا کو زیادہ آرام دہ ، جدید او ر یاتریوں کے لئے محفوظ بنانے کے لئے مسلسل کوششیں کی جارہی ہیں۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے اَنجمنوں کے نمائندوں کو گذشتہ دو برسوں میں یاتریوں کے لئے سہولیات کی خاطر خواہ اَپ گریڈیشن اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے بارے میں بتایا۔ اُنہوں نے کہا کہ پوتر گپھا کی طرف جانے والے یاتریوں کے قیام اور قیام کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے تین یاتری نواس بنائے جارہے ہیں۔ ان میں چندر کوٹ یاترا نواس شامل ہیں جو ضلع رام بن میں تعمیر ہو رہے ہین جو تقریباً 3,200 یاتریوں کو رہائش فراہم کرے گا۔ اِس کے علاوہ جموں یاتری نواس اور سری نگر یاتری نواس میں بالترتیب 3,000 اور 2,250 یاتریوں کی قیام کی گنجائش ہے۔لنگر ایسو سی ایشن کے نمائندوں نے جموںوکشمیر یوٹی حکومت کی کوششو ں کو سراہا اور یاترا کے اِنتظامات مین ان کی فعال شرکت کی تصدیق کی۔ اُنہوں نے مالیاتی اور بنیادی ڈھانچے کے لئے درکار وسائل کے حوالے سے عطیات کے ذریعے اَپنی مدد کی پیشکش بھی کی۔اَنجمنوں نے یاتریوں کے لئے بنیادی ڈھانچے اور سہولیات میں مزید بہتری کے لئے کچھ تجاویز بھی دیں۔اِس سے قبل ایڈیشنل سی ای او ایس اے ایس بی راہل سنگھ نے شری اَمرناتھ شرائین بورڈ کی موجودہ سہولیات اور بنیادی ڈھانچے کے بارے میں مجمع کو جانکاری دی۔