نئی دہلی//قومی دارالحکومت دہلی میں کورونا وائرس کے اومیکرون قسم کے معاملوں میں اضافے کے درمیان دہلی حکومت نے تین نجی اسپتالوں کو اس طرح کے مشتبہ مریضوں اور مصدقہ معاملوں کے علاج کےلئے نامزد کیا ہے۔دہلی حکومت نے آج جن تین نجی اسپتالوں کو اومیکرون سے متاثر مریضوں کے علاج کےلئے نامزد کیا،ان میں بترا اسپتال ،فورٹس وسنت کنج اور سر گنگا رام سٹی اسپتال شامل ہیں۔اس سے پہلے حکومت نے لوک نائک جے پرکاش نارائن اور میکس اسپتال کی اومیکرون سے متاثر مریضوں کے علاج کےلئے نشاندہی کی تھی۔سرکاری ذرائع نے یواین آئی کو بتایا کہ یہاں جمعہ کو اومیکرون کے 10 معاملوں کی تصدیق کے بعد دو اور افراد اس قسم سے متاثر پائے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان میں سے ایک مریض کا میکس ساکیت میں علاج چل رہا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ مریض حال ہی میں بیرون ملک گیا تھا اور اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کورونا پازیٹو پایا گیا تھا،ذرائع نے کہا،’’مریض کی حالت مستحکم ہے۔‘‘دہلی میں جمعہ کو پوری طرح سے ویکسینیٹ 10 بین الاقوامی مسافر اومیکرون سے متاثر پائے گئے تھے،جن میں سے کچھ مسافر تو ویکسین کی بوسٹر ڈوز بھی لے چکےہیں۔اومیکرون سے متاثر پائے جانے والوں میں سے تنزانیہ (1)، بیلجیم (1)، برطانیہ (4) اور دبئی سے یہاں آئے ہیں۔واضح رہے کہ دہلی میں اومیکرون کا پہلا معاملہ پانچ دسمبر کو سامنے آیا تھا۔