نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے ڈیجیٹل دور میں لوگوں کی اسکرین کے طرف بڑھتے ہوئے رجحان میں بھی کتابوں کی طرف لوگوں کی دلچسپی بڑھانے پر زور دیتے ہوئے آج لوگوں سے اپیل کی کہ وہ سال 2022 میں اپنی پسند کی پانچ کتابیں خریدیں اور اس پر تبادلہ خیال کریں تاکہ دوسروں کو کتابوں کی طرف راغب کیا جا سکے۔مسٹر مودی نے آل انڈیا ریڈیو پر اپنے ماہانہ پروگرام ‘من کی بات’ میں لوگوں سے یہ اپیل کی۔ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے 84 سالہ ڈاکٹر کوریلا وٹھلاچاریہ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وتھلاچاریہ کی بچپن سے ہی خواہش تھی کہ وہ ایک بڑی لائبریری کھولیں۔ ملک تب غلام تھا، کچھ حالات ایسے تھے کہ بچپن کا خواب پھر خواب ہی رہ گیا۔ وقت کے ساتھ وٹھلاچاریہ لیکچرار بن گئے، تیلگو زبان کا گہرائی سے مطالعہ کیا اور انہوں نے بہت ساری کتابیں بھی تخلیق کیں۔ 6-7 سال پہلے انہوں نے ایک بار پھر اپنا خواب پورا کرنا شروع کیا۔ انہوں نے لائبریری کا آغاز اپنی کتابوں سے کیا۔ اپنی زندگی کی کمائی اس میں لگا دی۔ آہستہ آہستہ لوگ اس میں شامل ہو کر حصہ ڈالنے لگے۔ یادادری بھواناگیری ضلع کے رمنا پیٹ ڈویژن کی اس لائبریری میں تقریباً 2 لاکھ کتابیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ وتھلاچاریہ جی کہتے ہیں کہ پڑھائی کے سلسلے میں جتنی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس کا سامنا کسی اور کو نہیں کرنا چاہئے۔ وہ آج یہ دیکھ کر بہت خوشی محسوس کررہے ہیں کہ طلبہ کی ایک بڑی تعداد اس سے مستفید ہورہی ہے۔ ان کی کوششوں سے متاثر ہو کر دوسرے کئی گاؤں کے لوگ بھی کتابیں اکٹھے کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ہندوستان بہت سی غیر معمولی صلاحیتوں سے مالا مال ہے، جن کی تخلیقی صلاحیت دوسروں کو کچھ کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔ وتھلاچاریہ جی اس کی ایک مثال ہیں کہ جب آپ کے خوابوں کو پورا کرنے کی بات آتی ہے تو عمر سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے۔