سرینگر//جنوبی ضلع کولگام کے مرہامہ گائوں میں سیکورٹی فورسز نے مختصر تصادم کے دوران تین عدم شناخت جنگجوئوں کو مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ بدھوار دیر رات سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد کولگام کے مرہامہ گائوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ جونہی سیکورٹی فورسز کے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود جنگجوئوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔ انہوںنے کہاکہ سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں تین جنگجو مارے گئے جن کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ایک مختصر تصادم جس دوران تین ملی ٹینٹ مارے گئے ۔ انہوںنے مزید بتایا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن جاری ہے۔ اس سے قبل ڈورو شاہ آباد میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوئوں کے درمیان آمنا سامنا ہونے کے دوران تین اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے اگرچہ ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے لیا تاہم تصادم کی جگہ ملی ٹینٹوں کا کئی پر اتہ پتہ نہیں چل سکا ہے۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن جاری ہے۔