سری نگر//جنوبی کشمیر کے اننت ناگ اور کولگام اضلاع میں دو الگ الگ شبانہ تصادم آرائیوں کے دوران 2 پاکستانی جنگجوؤں سمیت جیش محمد جنگجو تنظیم سے وابستہ 6 جنگجو مارے گئے۔کشمیر پولیس زون نے انسپکٹر جنرل وجے کمار کے حوالے سے ایک ٹویٹ میں کہا کہ جنوبی کشمیر میں دو الگ الگ تصادم آرائیوں کے دوران کالعدم تنظیم جیش محمد سے وابستہ چھ جنگجو مارے گئے۔ٹویٹ میں کہا گیا کہ مہلوکین میں سے چار کی شناخت معلوم ہوچکی ہے جن میں سے دو پاکستانی اور دو مقامی جنگجو ہیں تاہم دو جنگجوؤں کی شناخت معلوم کی جا رہی ہے۔ٹویٹ میں ان جنگجوؤں کی ہلاکت کو بہت بڑی کامیابی سے تعبیر کیا گیا ہے۔ایک اور ٹویٹ میں کہا گیا کہ اننت ناگ تصادم میں تین جنگو مارے گئے ہیں جن میں سے ایک پاکستانی جنگجو ہے جبکہ دو مقامی جنگجو ہیں۔ایک پولیس ترجمان نے کہا کہ کولگام میں مارے گئے تین جنگجوؤں میں سے بھی ایک جنگجو پاکستانی باشندہ تھا۔انہوں نے پاکستانی جنگجو کی شناخت شاہد عرف شاہ زید کے بطور کی ہے جبکہ دو مقامی جنگجو ؤں کی شناخت محمد شفیع ڈار ساکن ترال اور عذیر احمد ساکن میر ہامہ کے بطور کی ہے جو دونوں جیش محمد سے وابستہ تھے۔پولیس نے جائے تصادم آرائی سے 2 اے کے 47 رائیفلیں، ایک ایم 4 رائفل اور دیگر اسلحہ و قابل اعتراض مواد بر آمد کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔