سرینگر: 7 فروری
کانگریس پارٹی کے کارکنوں نے پیر کے روز یہاں پریس کالونی میں جمع ہو کر سری نگر میں چند روز قبل ایک دوشیزہ پر تیزاب پھینکنے کے واقعے کے خلاف احتجاج درج کیا۔احتجاجی ‘ملزموں کو سزا دو’، ‘بچیوں کو حفاظت دو’ وغیرہ جیسے نعرے لگا رہے تھے اور انہوں نے حکومت سے متاثرہ لڑکی کو سرکاری نوکری فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے حکومت سے سری نگر کے نوہٹہ علاقے میں واقع تاریخی جامع مسجد میں نماز ادا کرنے کی اجازت دینے کا بھی مطالبہ کیا۔اس موقع پر ایک احتجاجی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ اسلام میں بیٹی کی کافی عزت ہے لیکن ہم دیکھتے ہیں کہ ہمارا سماج کہاں پہنچ گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم خراب سماج میں پھنس گئے ہیں اور جہیز کی لعنت یہ واقعہ رونما ہونے کی ایک وجہ ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ کانگریس پارٹی اس واقعے کی پر زور مذمت کرتی ہے ۔موصوف احتجاجی نے کہا کہ ہم متاثرہ بچی کے گھر بھی گئے ان کے اہلخانہ کے ساتھ ہمدردی کی اور ہم ان کی ہر ممکن مدد کرنے کے لئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ متاثرہ بچی کو نوکری فراہم کرے تاکہ وہ اپنے گھر کو چلا سکے ۔ان کا یہ بھی مطالبہ تھا کہ سری نگر کی تاریخی مسجد میں نماز ادا کرنے کی اجازت دی جانی چاہئے جو کافی وقت سے بند ہے ۔