سرینگر:۹ فروری
سرینگر میونسپل کارپوریشن نے آج پرجا فاؤنڈیشن اور عظیم پریم جی فاؤنڈیشن کے ساتھ مفاہمت نامے پر دستخط کئے ہیں تا کہ شہری نظم و نسق کو مزید موثر بنایا جا سکے اور سرینگر شہر میں پرائمری سکولوں کی تعلیم کو تبدیل کیا جا سکے ۔ لفٹینٹ گورنر منوج سنہا کی موجودگی میں کمشنر سرینگر میونسپل کارپوریشن اطہر عامر خان ، مسٹر بیجوئے شنکر داس لیڈر شمال مشرقی ریاستیں اور جموں و کشمیرعظیم پریم جی یونیورسٹی میں اورڈائریکٹر پرجا فاؤنڈیشن ملند مہاسکے نے ایم او یو پر دستخط کئے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ ایس ایم سی اور پرجا فاؤنڈیشن کے درمیان مفاہمت نامے کا مقصد سرینگر میں بہتر ای ۔ گورننس سسٹم اور میونسپل کونسلرز اور انتظامیہ کیلئے صلاحیت سازی کے پروگراموں کے ذریعے شہریوں کی شرکت کو بااختیار بنانا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرجا فاؤنڈیشن کے تعاون سے شہروں میں اچھی حکمرانی اور پائیداری کیلئے انتھک کوششوں کو مزید تقویت دی جائے گی ۔ لفٹینٹ گورنر نے مزید کہا کہ شہری نظم و نسق میں شفاف اور شراکتی عمل وسیع امکانات ، شہروں کی زندگی اور اعلیٰ اقتصادی ترقی کیلئے اہم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہری نظم و نسق میں اصلاحات سے شہری بنیادی ڈھانچہ ، غریبوں کیلئے شہری خدمات میں بہتری آئے گی اور شہروں کو ان کی فطری صلاحیتوں کو بڑھانے میں مدد ملے گی ۔ لفٹینٹ گورنر نے تیز رفتار تبدیلی کے عمل کو عوام کی ضروریات اور امنگوں کا عکاس بنانے اور ایک نئی خود شناسی کو فروغ دینے کیلئے عوام اور پالیسیوں کے درمیان رابطہ قائم کرنے کیلئے اسمارٹ حل ، اسمارٹ پلیٹ فارم بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ شہری نظم و نسق میں حکومت کی طرف سے متعارف کرائی گئی اصلاحات کا مقصد بنیادی خدمات جیسے پینے کے پانی ، صحت کی دیکھ بھال ، صفائی ستھرائی ، رہائش اور شہروں میں بہتر معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے انتہائی ضروری انسانی اور مالی وسائل فراہم کرنا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے مستقبل میں شہروں میں بڑے پیمانے پر شہری تبدیلی آنے والی ہے جس سے معیار زندگی میں بہتری آئے گی اور نئی سرمایہ کاری کو بھی راغب کیا جائے گا ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے میونسپل کارپوریشن کے اَفسران اور دیگر شراکت داروں سے کہا کہ وہ اِن چیلنجوں کو سمجھیں اور اِس کے مطابق کام کریں۔اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہم نے شفاف ، جواب دہ ، شراکت دار اور رشوت ستانی سے پاک نظام قائم کیا ہے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ ہماری اِجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم لوگوں کو بنیادی کم سے کم سہولیات ، لائیو لی ہُڈاور بہترخدمات فراہم کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے سوامی وویکا نند کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت کے لئے صرف ایک چیز کی ضرورت ہے انہیں تعلیم دی جائے تاکہ وہ اَپنی شخصیات کو نکھار سکیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ عظیم پریم جی یونیورسٹی کے ساتھ شراکت داری تمام ایس ایم ایس سکولوں میں تعلیمی منظر نامے کو بہتر بنانے ، اساتذہ اور اِنتظامی قیادت کی مسلسل پیشہ ورانہ ترقی کے لئے کوشاں رہے گی۔سری نگر میونسپل کارپوریشن کے میئر جنید عظیم متو نے کہا کہ عظیم پریم جی فائوندیشن اور پرجا فائونڈیشن کے ساتھ ایس ایم سی کا اشترک سری نگر میں شہری نظم و نسق اور پرائمری تعلیم کو تبدیل کرے گا۔تقریب میں صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورانگ کے پولے ، آئی جی سی آر پی ایف چارو سنہا، ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر محمد اعجاز اَسد ، ڈی آئی جی ایس کے آر شیخ عبدالجبار ، ناظم سکولی تعلیم کشمیر تصدق حسین میر ،یوایل بی کے نمائندوں ، پرجا فائونڈیشن اور عظیم پریم جی فائونڈیشن کے اراکین کے علاوہ دیگر سینئر اَفسران نے ایس کے آئی سی سی سری نگر مفاہمت نامے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔