مرکزی وزیر محنت و روزگار بھوپیندر یادو نے ہفتہ کے روز کہا کہ ملک میں روزگار کے مواقع بڑھ رہے ہیں اور حکومت منظم اور غیر منظم شعبے کے مزدوروں کے تئیں پابند عہدہے۔مسٹر بھوپندر یادو نے ہریانہ کے گڑگاؤں میں ایمپلائز اسٹیٹ انشورنس کارپوریشن کی 187ویں میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سہ ماہی ایمپلائمنٹ سروے (کیو ای ایس) کی رپورٹ اور ملازمین پرویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن کے پے رول ڈیٹا کے مطابق ملک میں روزگار کے مواقع بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت منظم اور غیر منظم دونوں شعبوں میں مزدوروں اور ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے پابند عہد ہے۔انہوں نے کہا کہ مزدوروں کی صحت کی جانچ ای ایس آئی سی کے اسپتالوں اور کارخانوں میں کی جائے گی اور ایم ایس ایم ای کلسٹرس کو ایک یونٹ کے طور پر سمجھا جائے گا، جبکہ ای ایس آئی سی صحت کی جانچ کے لیے ان کے ساتھ تال میل کرے گا۔ پہلے پائلٹ پروجیکٹ کے تحت کل 15 شہروں میں ہیلتھ چیک اپ شروع کیا جائے گا۔وزیر موصوف نے کہا کہ ای ایس آئی سی کے زیر التواء پروجیکٹوں کو تیز کیا جائے گا اور ای ایس آئی سی کےاسپتالوں کے تعمیراتی کام مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ ڈاکٹروں اور عملہ کی دستیابی کا بھی خیال رکھا جائے گا اور ڈاکٹروں کو غریبوں کی خدمت کرنے والے ای ایس آئی سی اسپتالوں سے وابستہ ہونے کی دعوت دی جائے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ڈاکٹروں اور عملہ کے محنتانہ پر ای ایس آئی سی کے ذریعہ نظر ثانی کی جائے گی۔ای ایس آئی سی ملازمین کی ٹرانسفر پالیسی پر مرکزی وزیر نے کہا کہ ایک کھلی، ڈیجیٹل اور شفاف ٹرانسفر پالیسی جلد ہی لائی جائے گی۔ اس موقع پر انہوں نے ای ایس آئی سی کے دو مینجمنٹ ڈیش بورڈ کا افتتاح کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ڈیش بورڈز سے نہ صرف بہتر نگرانی میں مدد ملے گی بلکہ موثر نفاذ میں کارآمد ثابت ہوں گے۔میٹنگ کے بعد مرکزی وزیر نے کہا کہ ای ایس آئی سی کی میٹنگ میں یہ محسوس کیا گیا کہ ای ایس آئی سی کے اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور عملہ کی شدید قلت ہے۔