جموں وکشمیر کی مجموعی سلامتی صورتحال ،جنگجوئیانہ سرگرمیوں،دراندازی کے خدشات اورجاری ترقیاتی عمل کاجائزہ لینے کیلئے جمعے کے روز نئی دہلی میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی ۔تفصیلات کے مطابق مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ کی زیرصدارت اس جائزہ میٹنگ میں جموں وکشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہاکے علاوہ قومی سلامتی کے مشیر اجیت کمارڈوول ،انٹلی جنس بیورؤ IBکے سربراہ ،آرمی چیف جنرل ایم ایم نروانے ،مر کزی داخلہ سیکریٹری ،جموں وکشمیرپولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ ،سی آرپی ایف کے ڈائریکٹر جنرل کلدیپ سنگھ اوروزارت داخلہ ومختلف اداروںکے اعلیٰ افسران بھی موجودتھے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق وزارت داخلہ کے دفتر واقع نارتھ بلاک نئی دہلی میں منعقدہ یہ اہم سیکورٹی جائزہ میٹنگ طویل ر ہی ،جس دوران شرکاءنے مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ کوجموں وکشمیرکی اندرونی سیکورٹی وسیاسی صورتحال ،سرحدی حالات وواقعات ،جنگجوؤں کی سرگرمیوں ،جنگجومخالف کارروائیوں ،جنگجوؤں کی فنڈنگ کیلئے منشیات کی اسمگلنگ ،دراندازی کی روکتھام کیلئے لائن آف کنٹرول پرکئے گئے اضافی سیکورٹی اقدامات کے بارے میں تفصیلی جانکاری فراہم کی جبکہ رپورٹس کے مطابق جموں وکشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہانے میٹنگ کے دوران مرکزی زیرانتظام علاقہ میں جاری ترقیاتی عمل کیساتھ ساتھ بے روزگار نوجوانوں کیلئے روزگار کے ذرائع اوروسائل پیداکرنے کیلئے کئے گئے اقدامات بشمول قومی وبین الااقوامی سطح کی سرمایہ کار ی کے بارے میں جانکاری دی ۔انہوںنے میٹنگ کے دوران بتایاکہ جموں وکشمیرمیں سیکورٹی صورتحال میں قابل قدر بہتری آنے کے بعدبیرونی سرمایہ کاروں کااعتماد بھی بڑھاہے اوراب مختلف شعبوں بشمول سیاحت ،تعلیم ،صحت او رزراعت وباغبانی میں بھی سرمایہ کاری ہور ہی ہے ۔لیفٹنٹ گورنرمنوج سنہا نے کہاکہ سرمایہ کاری کی خواہشمند کمپنیوں اورفرموں کو ہر ممکنہ سہولیات فراہم کی جارہی ہے جبکہ جموں وکشمیرمیں صنعتی پھیلاؤ پر بھی توجہ مرکوز کی گئی ہے اوراس مقصد کیلئے صنعتیں لگانے کیلئے جموں وکشمیرمیں زمین بھی مختص کردی گئی ہے اورزمین کی الاٹمنٹ کوبھی آسان بنایاگیاہے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ نے میٹنگ میں موجود مختلف سیکورٹی اداروں اورخفیہ ایجنسیوںکے اعلیٰ حکام کی جانب سے پیش کردہ تفصیلات ومعلومات پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ اب جموں وکشمیرکی صورتحال 2سال قبل کے حالات سے بالکل مختلف ہے ۔انہوںنے کہاکہ جنگجوئیانہ سرگرمیوں کیساتھ ساتھ پتھر بازی کے واقعات میں بھی کافی کمی آئی ہے،دراندازی کوناکام بنانے نیز جنگجوئیت کاقلع قمع کرنے کیلئے جموں وکشمیر پولیس ،فورسزاورفوج کی مشترکہ کارروائیاں کافی کامیاب رہی ہیں ۔تاہم مرکزی وزیرداخلہ نے اسبات پرزوردیاکہ ہمیں ہمہ وقت چوکنا،ہوشیار اورخبرداررہنا ہوگا،کیونکہ پاکستان میں مقیم امن دشمن عناصر جموں وکشمیرمیں حالات کوپھرسے بگاڑنے کی سازشوں اورکوششوں سے بازنہیں آرہے ہیں ۔انہوںنے سیکورٹی اداروں کے اعلیٰ افسران سے کہاکہ وہ باہمی تال میل کیساتھ امن اورملک دشمن قوتوں نیز عناصرکیخلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھیں اورملک کی سلامتی وسا لمیت کے معاملے پرکوئی سمجھوتہ نہ کیاجائے ۔