لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج جموں وکشمیر میں بینکوں کی مالی شمولیت کی جانب پیش رفت کا ڈپٹی گورنر آر بی آئی ایم کے جین ،چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتااور دیگر اَفسران کے ساتھ جائزہ لیا ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے بینکنگ اور مالیاتی خدمات کو جموں وکشمیر کے لوگوں کی دہلیز تک پہنچانے کے لئے یوٹی حکومت کے نظرئیے کو شیئر کیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ دیہی علاقوں کے دُور دراز علاقوں کو مالیاتی شعبے سے مکمل طور پر منسلک کرنے کے قابل بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔اُنہوں نے مزید کہاکہ جموںوکشمیر یوٹی میں ترقی کی سماجی بنیاد کو وسیع کرنے کے لئے ہم مالیاتی مصنوعات تک لوگوں کی رَسائی کو بڑھا رہے ہیں، ’’ ایک ضلع ایک پروڈکٹ ‘‘ کو فروغ دے رہے ہیں ۔خواتین ، نوجوانوں ، ایس ایم ایز ، دست کاری ، باغبانی اور دیگر ترجیحی شعبوں کو ترقی کے عمل میں مؤثر شراکت کے لئے اِدارہ جاتی قرضہ دے رہے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں وکشمیر صنعتی سرمایہ کاری ، سیاحت ، فلم اِنڈسٹری اور رئیل سٹیٹ سیکٹر کے لئے پسندیدہ مقامات میں سے ایک بن گیا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت معیشت کے صنعتی اور مختلف پیداواری شعبوں کے لئے قرض کی مناسب اور بروقت دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے پُر عزم ہے۔اُنہوں نے کہا کہ گذشتہ دو برسوں میں شیڈولڈ کمرشل بینکوں کو جموںوکشمیر میں کام کو بڑھانے کے مواقع فراہم کرنے کے لئے مختلف اِصلاحات کی گئی ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہاکہ ہم اَپنے کریڈٹ قرض دینے کے نظام کو خواتین اور نوجوان اَنٹرپرینیوروں ، کسانوں اور کاریگروں کی ضروریات کی خاطر مزید حساس بنانے کے لئے بھی مل کر کام کریں گے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ دیہی علاقوں میں اِضافی بینکنگ آؤٹ لیٹس کی ضرورت ہے تاکہ خارج شدہ گھرانوں کو ایک منظم اور پائیدار انداز میں ادارہ جاتی قرض اور مالیاتی خدمات کے دائرے میں لایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ فعال کرنے والا ماحولیاتی نظام حکومتی سکیموں اور جغرافیائی طور پر دُور اور دشوار گزار خطوں میں رہنے والے لوگوں کے درمیان فرق کو بھی ختم کرے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ مختلف سرکاری سکیموں اوراِقدامات سے اہل استفادہ کنندگان کو مالی امداد فراہم کرنے کے تمام امکانات تلاش کریں۔ڈپٹی گورنر ریزرو بینک آف اِنڈیا ایم کے جین نے زیادہ سے زیادہ مالی شمولیت کے لئے بینکوں کی موجودگی کو بڑھانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت کی سرپرستی والی سکیموں کی عمل آوری کی جموںوکشمیر یوٹی سطح کی بینکرس کمیٹی کے ذریعے وقفے وقفے سے نگرانی کی جاتی ہے۔ بینکنگ اِنفراسٹرکچر کی تخلیق ، ڈسٹرکٹ کو آپریٹیو اور دیگر بینکنگ کوآپریٹیو سوسائٹیز کے کام کو احسن کرنے ، نبارڈ سکیموں کے تحت فنڈس کے مؤثر اِستعمال ، صنعت و تجارت کے شعبے کے خدشات ، بینکنگ خدمات کی دستیابی ، مائیکرو فائنانس اِنسٹی چیوشنز اور این بی ایف سی اور دیگر اہم مسائل کے بارے میں بھی تبادلہ خیال ہوا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ خزانہ اتل ڈولو ، منیجنگ ڈائریکٹر اور سی اِی او جے اینڈ کے بینک بلدیو پرکاش ، ریجنل ڈائریکٹر آر بی آئی کمل پی پٹنائیک ، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار ، پرنسپل سیکرٹری صنعت و حرفت رنجن پرکاش ٹھاکر ( بذریعہ ورچیول موڈ )اور دیگر سینئر اَفسران نے راج بھون میں ہونے والی میٹنگ میں شرکت کی۔