فیلڈ آؤٹ ریچ بیورو (ایف او بی)، سرینگر نے آج منشیات کی لت، پوشن ماہ اور آیوشمان بھارت پر ایک چھوٹے مربوط کمیونیکیشن اینڈ آؤٹ ریچ پروگرام (آئی سی او پی) کا انعقاد کیا۔ گورنمنٹ پولی ٹیکنیک کالج سرینگر میں لوگوںکو باشعور بنانے کے مقصد کو لیکر ایک روزہ پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ پرنسپل پولی ٹیکنیک کالج، سرینگر امتیاز احمد شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منشیات کے استعمال کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے بیداری پروگراموں کی اہمیت پر زور دیا جبکہ سی ایم او آفس سرینگر سے وابستہ ڈاکٹر سید ثانیہ نے کہا کہ منشیات کی بڑھتی وبا کا مسئلہ ملک کے سامنے ایک چیلنج ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’یہ تمام اسٹیک ہولڈرز کا فرض ہے کہ وہ منشیات کے غیر قانونی استعمال اور اس لعنت کو روکنے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے میں اپنا کردار نبھائیں۔‘‘ پولیس ڈرگ ڈی ایڈکشن اینڈ ری ہیبلیٹیشن سنٹر سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر عابد احمد نے شرکاء اور ایف او بی کو منشیات سے نجات کے پروگرام کے انعقاد کے لئے سراہا جو کہ طویل مدت میں کارآمد ثابت ہو گا اور شرکاء سے اپیل کی کہ وہ اپنے علاقوں میں منشیات کے عادی افراد کی نشاندہی کرنے پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ان کی بہتر طریقے سے کونسلنگ کی جا سکے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر پریس انفارمیشن بیورو سرینگر، غلام عباس نے مذہبی مبلغین، اساتذہ اور طلباء کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ منشیات کے استعمال کی وجوہات اور نتائج کو اجاگر کرنے کے لیے آگے آئیں۔ اس موقع پر کالج کے اراکین نے بھی خطاب کیا اور منشیات کے عادی افراد کے علاج میں اپنے تجربات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کسی شخص کے منشیات کے عادی ہونے کی پہچان، علاج اور جانچ کے طریقہ کار پر تفصیلی تقریر کی۔ ایونٹ سے پہلے کی سرگرمیوں کے حصے کے طور پر، بدھ کو منعقدہ کوئز اور ڈرائنگ/پینٹنگ مقابلوں کے فاتحین کو تقریب کے اختتام پر انعامات اور اسناد سے نوازا گیا۔