محکمہ موسمیات کی جانب سے 6تا8مارچ موسلا دار بارشوں اوربرف باری ہونے کی پیش گوئی کے بیچ سیاحتی مقام گلمرگ میں دوران شب ہلکے درجے کی برف باری اورسری نگرسمیت کئی علاقوں میں بارشیں ہوئیں جبکہ جمعرات کوصبح سے پوری کشمیروادی میں مطلع ابروآلودرہا اوربعددوپہرسری نگرسمیت کئی علاقوںمیں بارشوں کاسلسلہ شروع ہوگیا ۔شبانہ درجہ میں بہتری کے برعکس دوران شب تازہ برف وباراں کے بعد پوری وادی میں دن کے وقت یخ بستہ برفانی ہوائیں چلتی رہیں ،جس وجہ سے لوگوںنے سخت سردی محسوس کی ۔جے کے این ایس کے مطابق سری نگرمیں قائم محکمہ موسمیات کے علاقائی دفتر نے 6مارچ اتوار کی رات سے8 مارچ تک وادی کشمیر میں ہلکی سے درمیانی بارش اور برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے بتایاکہ جیسا کہ توقع کی گئی، کشمیر میں کچھ مقامات پر ہلکی بارش/برفباری ہوئی ہے۔انہوںنے کہاکہ فی الحال، کشمیر کے بیشتر مقامات اور جموں صوبہ میں بھی موسم ابر آلود ہے۔محکمہ موسمیات کے اہلکار نے بتایاکہ موجودہ موسمی صورتحال کل یعنی جمعہ کی صبح تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس کے بعد، 4اور 5 مارچ کے دوران موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایک اور مغربی ڈسٹربنس 6سے 8مارچ کے دوران جموں و کشمیرمیں موسمی صورتحال کے متاثر ہونے کا امکان ہے جس کی وجہ سے ہم میدانی علاقوںمیں وسیع پیمانے پر ہلکی سے درمیانی بارش اوربالائی مقامات پربرفباری کی توقع کرتے ہیں۔ادھرکشمیر وادی میں مطلع ابر آلود رہنے سے شبانہ درجہ حرارت میں بہتری واقع ہوئی ہے۔تاہم دوران شب کچھ بالائی علاقوں میں تازہ برف باری اورکئی علاقوںمیں بارش ہونے کے بعددن کے درجہ حرارت میں کمی واقعہ ہوئی ۔دوران شب کی تازہ برف وباراں کے بعد پوری وادی میں دن کے وقت یخ بستہ برفانی ہوائیں چلتی رہیں ،جس وجہ سے لوگوںنے سخت سردی محسوس کی ۔اس دوران کشمیر وادی میں جمعرات کی صبح ہلکی بارشیں ہوئی جس کے بعد گہرے بادلوں اور آفتاب کے درمیان دن بھر مقابلہ جاری رہا۔وادی میں سردی سے بچنے کے لئے ابھی بھی دفتروں، دکانوں، کارخانوں اور دیگر کام کی جگہوں پر گرمی کے آلات جیسے ہیٹروں وغیرہ کا استعمال کیا جا رہا ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں بدھ اورجمعرات کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت4.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔اس دوران وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ جہاں دوران شب7 سینٹی میٹر تازہ برف جمع ہوئی ہے، میں بدھ اورجمعرات کی درمیانی راتکم سے کم درجہ حررات منفی4.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں بدھ اورجمعرات کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔سرحدی ضلع کپوارہ میں بدھ اورجمعرات کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت4.6 ڈگری سینٹی گرٰڈ ریکارڈ کیا گیا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں بدھ اورجمعرات کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت0.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ادھرلداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں بدھ اورجمعرات کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی4.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع کرگل میں منفی9.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور قصبہ دراس جو سائبیریا کے بعد دنیا کی دوسری سردترین جگہ ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 11 .7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔