سید اعجاز
گورنمنٹ ہائی سکول جواہر پورہ(لام ) میں تعینات ایک استادکو تبدیل کر کے اسے من پسند جگہ پر تعینات کرنے کے خلاف مقامی آبادی نے شدید برہمی کا اظہارکرکے صدائے احتجاج بلند کیا۔ مقامی لوگوں نے کہا کہ اگر فوری طور پر مذکورہ استاد کو واپس اپنی جگہ پر تعینات نہیں کیا تو وہ سکول کو مقفل کر یں گے جس کی تمام تر ذمہ داری چیف یجوکیشن آفیسر پلوامہ پر عائد ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق تعلیمی زون لرگام کی حدود میں گورنمنٹ ہائی سکول جواہر پورہ (لام) میں ایک استاد ارشاد احمدحجام گزشتہ کئی برسوں سے تعینات ہیں جو انتہائی قابل اور فرض شناس ہیں۔ حالیہ دسویں جماعت کے امتحانی نتائج میں مذکورہ سکول میں صد فیصد کامیابی کی شرح مقامی آبادی اور سکول عملے کیلئے باعث افتخار ہے جس پر مقامی آبادی بھی اطمینان کا اظہار کررہی ہے۔ ستم ظریفی کا عالم یہ ہے کہ جونہی سرکاری سکولی کی کارکردگی اطمینان بخش ہورہی ہے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران حوصلہ افزائی کے بجائے حوصلہ شکنی کے اقدام کرے لوگوں میں مایوسی کا سامان پیدا کرر ہے ہیں۔ جواہر پورہ لام کی ولیج ایجوکیشن کمیٹی کے ارکان نے گورنمنٹ ہائی سکول میں تعینات ارشاد احمد کی تبدیلی کے خلاف شدید برہمی کا اظہارکیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ استاد کی لگن اورکاشوں کا ہی نتیجہ ہے کہ علاقے کے و الدین اپنے بچوں کو نجی سکولوں کے بجائے اسی سکول میں داخلہ کرنے کو ترجیحی دے رہے ہیں لیکن بدقسمتی سے شاید انتظامیہ کو یہ بات راس نہیں آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی بنیادوں پر مذکورہ استاد کا تبادلہ کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہوگا اور اگر تبادلے کے احکامات کو منسوخ نہیں کیاگیا تو وہ بطور احتجاج سکول کو بند کریں گے جس کی تمام تر ذمہ داری چیف ایجوکیشن آفیسر پلوامہ پر عائد ہوگی۔ معاملے کے حوالے سے جب چیف ایجوکیشن آفیسر پلوامہ سے استفسار کیاگیا تو انہوں نے کہا کہ یہ ایک انتظامی معاملہ ہے جس کی رو سے ہائی سکولوں میں تعینات پوسٹ گریجویٹ اساتذہ بطور لیکچرار ہائرسکینڈری سکولوں میں تعینات کئے جارہے ہیں۔ انہوںنے یقین دلایا کہ جن سکولوں سے پوسٹ گریجوٹ اساتذوہ کا تبادلہ عمل میں لایا جائے گا وہاں متبادل اساتذہ بھی فوری طور پر تعینات کئے جائیں گے۔