آسٹریلیا کے معروف کرکٹر اور لیگ اسپنر شین وارن کا جمعہ کے روز 52 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔وارن کی انتظامی ٹیم نے ایک بیان میں کہا کہ شین کی تھائی لینڈ کے کوہ ساموئی میں دل کا دورہ پڑنے سے موت ہو گئی ۔ بیان میں کہا گیا ’’ شین اپنے ولا میں بے ہوش پائے گئے اور طبی اہلکاروں کی ہرممکن کوششوں کے باوجود انہیں بچایا نہیں جا سکا ۔ ان کے اہل خانہ نے اس وقت رازداری کی درخواست کی ہے اور مزید تفصیلات مناسب وقت پر دی جائیں گی ‘‘۔یہ خبرآسٹریلوی کرکٹ کے لیے 24 گھنٹوں کے اندر دوسرا بڑا دھچکا ہے۔ اس سے قبل شین وارن کے ساتھی اسٹریلیا کے عظیم کرکٹر راڈ مارش بھی گزشتہ ہفتے دل کا دورہ پڑنے سے جمعہ کو انتقال کر گئے تھے۔واضح رہے کہ وارن کو پیار سے ’وارنی‘ بھی کہا جاتا ہے اور دنیا بھر میں کروڑوں لوگ ان کو پسند کرتے ہیں۔ کئی لوگوں کی جانب سے انہیں کرکٹ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے سمجھا جاتا ہے ۔آنجہانی شین نے اپنے 15 سالہ طویل بین الاقوامی کیریئر میں 145 ٹیسٹ میچوں میں 708 وکٹیں حاصل کیں ، جوکسی آسٹریلوی کھلاڑی کی سب سے زیادہ وکٹیں ہیں اور سری لنکن متھیا مرلی دھرن کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں ۔ اس کے ساتھ ہی ان کی 194 ون ڈے میچوں میں 293 وکٹیں ہیں۔