چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے آج جموں و کشمیر میں ٹریفک کی صورتحال کا جائیزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ ، پرنسپل سیکرٹری پبلک ورکس ( آر اینڈ بی ) ، کمشنر سیکرٹری ٹرانسپورٹ ،اے ڈی جی پی ٹریفک ، ڈویژنل کمشنر جموں ، ٹرانسپورٹ کمشنر ، ڈپٹی کمشنر رام بن ، این ایچ اے آئی کے نمائندے اور متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔ چیف سیکرٹری نے جموں و کشمیر میں نیشنل ہائی وے 44 اور دیگر بڑی سڑکوں پر مہلک سڑک حادثات کے خطر ناک عداد و شمار پر سخت تشویش کا اظہار کیا ۔ انہوں نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا ( این ایچ اے آئی ) کو ہدایت دی کہ وہ حادثے کے شکار علاقوں اور بلیک اسپاٹس میں کریش بیرئیرز اور پیرا پیٹس کی تنصیب کو ترجیح دیں ۔ این ایچ اے آئی سے یہ بھی کہا گیا کہ وہ لینڈ سلائیڈنگ کے شکار علاقوں میں جالیوں کے دھکن لگائے تا کہ چلتی گاڑیوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے ۔ اس کے علاوہ ٹریفک پولیس سے کہا گیا کہ وہ گنجان سڑکوں پر ٹریفک اہلکاروں کی مناسب ڈیپوٹیشن کو یقینی بنائے تا کہ رفتار کی حد اور لین ڈرائیونگ میں نظم و ضبط کو نافذ کیا جا سکے ۔ مزید براں چیف سیکرٹری نے ٹریفک پولیس کو ہدایت دی کہ وہ نویوگ اور ناشری ٹنل کے اندر اوور سپیڈنگ کو چیک کریں اور مقررہ رفتار کی حد کی سختی سے تعمیل کو یقینی بنائیں ۔ رفتار کی حد کو جانچنے کیلئے گیجٹس کی تیزی سے خریداری کیلئے بھی ہدایت جاری کی گئی ہیں جس کیلئے این ایچ اے آئی نے پہلے ہی عمل شروع کر دیا ہے ۔ پولیس کی چیکنگ اور ناکوں کی وجہ سے نیشنل ہائی وے پر بار بار ہونے والے ٹریفک جام کا جائیزہ لیتے ہوئے چیف سیکرٹری نے متعلقہ افراد کو ہدایت دی کہ وہ گاڑیوں کی چیکنگ کو منظم طریقے سے کریں اور بغیر کسی رکاوٹ کے ٹریفک کی روانی میں خلل نہ ڈالیں ۔ انفورسمنٹ ایجنسیوں سے مزید کہا گیا کہ وہ چیکنگ مہم کی حقائق پر مبنی رپورٹس اعلیٰ حکام کو پیش کریں تا کہ مجرموں کے خلاف مناسب کاروائی عمل میں لائی جا سکے ۔ انفورسمنٹ مہم کے دوران شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے کیلئے ڈاکٹر مہتا نے متعلقہ اہلکاروں کو باڈی کیمروں کو لازمی پہننے کی ہدایت دی ۔ اس کے علاوہ تمام ٹریفک انٹر سیپٹرز پر ٹریفک کیمروں کی تنصیب کو یقینی بنائیں ۔ خانہ بدوش آبادی کی موسم گرما کی نقل مکانی کے حوالے سے چیف سیکرٹری نے قبائلی امور کے محکمے کی طرف سے نقل مکانی کرنے والی آبادی کو گاڑیوں کی آمدورفت فراہم کرنے کے اقدام کے بارے میں بتایا ۔ شہر /ٹاؤن کے علاقوں میں بھیڑ کو کم کرنے کے حوالے سے ڈویژنل انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کو ہدایت دی گئی کہ وہ نو پارکنگ کے اصولوں پر سختی سے عمل درآمد کریں اور ایک ہفتے کے اندر غیر قانونی پارکنگ خالی کریں ۔ ان سے کہا گیا کہ وہ پریشر ہارن ، غیر مجاز ہیڈ لائیٹس اور چار پہیہ گاڑیوں میں داغدار شیشوں کے استعمال کے خلاف خصوصی مہم چلائیں ۔ اس موقع پرشہر کے اندر ٹریفک کی نقل و حرکت کو بہتر بنانے کیلئے شہر /قصبے کی رفتار کی حد بتانے کے علاوہ مشن موڈ پر ٹریفک کیمروں کی تنصیب کیلئے ہدایات جاری کی گئیں ۔ انہوں نے کہا ’’ ٹریفک قوانین اور ٹریفک نظم و ضبط کی تعمیل کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی کوششوں کی ضرورت ہے جس کیلئے سول سوسائٹی سے رابطہ کرنے اور فعال طور پر مشغول ہونے کی ضرورت ہے ۔ \مزید براں چیف سیکرٹری نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو ہدایت دی کہ وہ ایک ماہ کے اندر تمام گاڑیوں میں ہائی سکیورٹی نمبر پلیٹس ( ایچ ایس این پی ) کی تنصیب کو یقینی بنائے ۔