بشارت رشید
ترال: جنوبی کشمیر کے چندری گام ترال علاقے سے تعلق رکھنے والے نوجوان انجینئرنگ طالب علم محمد سلمان نے اپنے کچھ ساتھیوں کے ساتھ سوشل میڈیا پر "کوشر سائنٹسٹ” کے نام سے ایک یوٹیوب چینل اور ویب سائٹ شروع کرکے اسکولی بچوں کے لئے مختلف قسم کے مفت پروگرام تیار کئے ہیں۔ جموں کشمیر کے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (این آئی ٹی) میں زیر تعلیم اس نوجوان نے سنٹرل یونیورسٹی آف کشمیر اور شیر کشمیر یونیورسٹی کشمیر کے کچھ طالب علموں کے ساتھ مل کر یہ پہل شروع کی ہے، تاکہ اسکولی بچوں کو بہترین تربیت فراہم کی جاسکے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے مزکورہ نوجوان طالب علم نے کہا کہ انہوں نے فلحال اپنی چینل پر "اتھواس” کے نام سے ایک پروگرام شروع کیا ہے، جس کے ذریعے وہ نویں اور دسویں جماعت کے طالب علموں کے لئے طرح طرح کے تربیتی پروگرام شروع کرنے جارہے ہیں، تاکہ ان کو فائدہ پہنچے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے یہ یوٹیوب چینل وادی کے اسکولی بچوں کو مسابقتی امتحانات کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کو ان امتحانات کے لئے تیار کرنے کی غرض سے شروع کی ہے۔