سری نگر:۲۱، دسمبرجموں و کشمیرپولیس نے ریاسی ضلع میں پیر کے روز ایک جعلی ڈرائیونگ لائسنس نیٹ ورک کا پردہ فاش کرتے ہوئے4 افراد کو گرفتار کیا۔جے کے این ایس کے مطابق سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، ریاسی، امیت گپتا نے کہا کہ ایک مخصوص شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی ڈرائیونگ لائسنس ریکیٹ یانیٹ ورک کا پردہ فاش کیا گیا ہے اور دھوکہ دہی میں ملوث4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ سرہ، تحصیل مہورے کے حق نواز نے پولیس ا سٹیشن ریاسی میں تحریری شکایت کی کہ اُس نے ڈرائیونگ لائسنس کے لئے درخواست دی اور اس کےلئے وہ ایجنٹوں کے ایک گروپ کے رابطے میں آیا جنہوں نے لائسنس فراہم کرنے کےلئے اس سے 35000 روپے کی رقم لی ۔ایس ایس پی ریاسی نے بتایا کہ تحریری شکایت ملنے پر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔انہوں نے کہا کہ پولیس ٹیم حرکت میں آئی اور شکایت کنندہ کی نشاندہی پر تحصیل ٹھکراکوٹ کے پناسا گاﺅں راجیش کمار عرف ہیپی کو گرفتار کیا۔ایس ایس پی امیت گپتا کے مطابق مزیدتفتیش کے دوران پولیس نے شام لال عرف شمو ساکنہ وجے پور ریاسی کو گرفتار کیا جس نے شکایت کنندہ کو دھوکہ دیا اور بے ایمانیسے ڈرائیونگ لائسنس بنانے کیلئے35000 روپے لیے اور اسے ٹرانسپورٹ آفیسر آلو اروناچل پردیش کے ذریعہ جاری کردہ ڈرائیوینگ لائسنس فراہم کیا۔انہوںنے کہاکہ مزید تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ راجیش کمار اور شام لال کے ساتھ پناسا ٹھکراکوٹ ریاسی کے جرنیل اور پورکھو کیمپ کے دیپک شرما نے شکایت کنندہ کو جعلی لائسنس فراہم کرکے دھوکہ دیا اور اس کے بدلے بے ایمانی کے طور پر رقم لی۔پولیس ٹیم نے چھاپہ مار کر اکھنور جموں سے دیپک کمار اور ریاسی سے دھوکہ دہی میں ملوث دیگر تمام ملزمان کو گرفتار کیا اور اروناچل پردیش کے ٹرانسپورٹ حکام سے مزید خط و کتابت کی گئی۔پولیس نے بتایاکہ یہ گرفتاریاں افتخار احمد ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر ریاسی اور سرجیت بھگت اے ایس پی ریاسی کی نگرانی میں انسپکٹر وجے شرما کی قیادت میں ٹیم نے کیں۔ایس ایس پی ریاسی کا کہنا تھا کہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور کیس میں مزید گرفتاریوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔