سری نگر:۵۱، دسمبر:موسمیاتی ماہرین نے موسم میں تبدیلی آنے تک درجہ حرارت میں مزید گراوٹ آنے کاامکان ظاہر کرتے ہوئے لوگوں کومشورہ دیاہے کہ وہ گھروں سے باہر آتے وقت گرم ملبوسات کااستعمال کریں ،اور ساتھ ہی کھانے پینے میں بھی احتیاط برتیں۔جے کے این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات نے خبردار کیاہے کہ 21دسمبر سے شروع ہونے والے40روزہ چلہ کلان کی آمدتک موسمی صورتحال جوںکی توں رہنے کاامکان ہے ،اسلئے درجہ حرارت میں کمی کاسلسلہ برقرار رہے گا ،اورسردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگا۔موسمیاتی ماہرین نے بتایاکہ رات کے وقت درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہنے کے باعث لوگوںکوگرم بستروں کااستعمال کرنا چاہئے تاہم کمروں کو گرم رکھنے کیلئے استعمال میں لائے جانے والے گرمی کے آلات بشمول روم ہیٹر اور گیس پر چلنے والے آلات کااستعمال احتیاط سے کرنا چاہئے ،نیز کمروں کوپوری طرح سے بند رکھنے کے بجائے تازہ ہوا آنے اور جانے کی جگہ رکھی جائے ۔انہوںنے کہاکہ لوگوں بالخصوص بزرگ شہریوں کوصبح اورشام کے وقت گھروں سے باہر نکلتے وقت گرم کپڑوںکااستعمال کرنا چاہئے ۔موسمیاتی ماہرین نے ساتھ ہی کہاکہ والدین کو چھوٹے اور کمسن بچوں کے ساتھ ساتھ خود اپنے کھانے پینے میں بھی احتیاط برتنا چاہئے ۔