سری نگر:24،دسمبر: وادی کشمیر کے ایک نامور صحافی شاعر اور قلمکار مرحوم مقبول ویری کی تیسری برسی کے موقعے پر مختلف مکتب ہائے فکر سے وابستہ افراد نے مرحوم کی صحافتی اور ادبی خدمات کو یاد کر کے ا±نہیںشاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ ادھر مرحوم کے آبائی ضلع اننت ناگ میں آج 25 دسمبر کو ان کی برسی پر مراز رایٹرس اینڈ آرٹسٹس گلڈ اور سچ نیوز کے اشتراک سے ایک تقریب منعقد ہو رہی ہے جس کا میڈیا پارٹنر ہفت روزہ ندائے کشمیر ہے اور جس میں کئی شخصیات کی آمد متوقع ہے۔تفصیلات کے مطابق نامور صحافی اور اردو زبان کے معروف شاعر مرحوم مقبول ویرے کی تیسری برسی پر کئی سرکردہ شاعروں اور صحافیوں جن میں ڈاکٹر ریاض توحیدی ،ندائے کشمیر کے ایڈیٹر معراج الدین فراز ،طارق شبنم ،عبدالرمان فدا، راجہ یوسف ،عطا محمد میر،رضوان میر بشیر اندرابی ظفر فاروق صلاتی اور پلوامہ ورکنگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر شاہ ارشاد نے شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ندائے کشمیر کے ایڈیٹر معراج الدین نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم مقبول ویرے کے انتقال سے صحافت میں جو خلا پیدا ہوا ہے شاید وہ آج تک پر نہ ہو سکا اور نہ ہی آنے والے وقتوں میں کوئی اسے پورا کرسکے گا۔مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوئے ڈاکٹر ریاض توحیدی نے کہا کہ مقبول ویرے ایک بے لوث صحافی بھی تھے اور عوامی امنگوں کی ترجمانی کرنے والے شاعر بھی۔ان کے اشعار اخباروں کی زینت بنتے تھے۔ان کے اشعار میں عصری روح دوڑتی نظر آتی تھی ، ان میں سماجی مسائل کی عکاسی بھی ہوتی تھی۔وادی کے نامور شاعر اور ادیب عبدالرحمن فدا نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم مقبول ویرے ایک سماجی کارکن ایک بہترین شاعر اور ادیب ہونے کے ساتھ ساتھ ایک باصلاحیت صحافی بھی تھے۔ مرحوم نے اپنے قلم سے جس قدر عوام کی خدمات کیں اور اپنی شاعری سے لوگوں کے مسائل ابھارے اسے کسی بھی صورت میں فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے۔راجہ یوسف نے مرحوم کو برسی پر یاد کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نہ صرف ایک اچھے صحافی تھے بلکہ اردو زبان کے بھی ایک بہترین شاعر تھے۔نمائندے تنہا ایاز کے مطابق مقبول ویرے کی تیسری برسی پر 25 دسمبر کو مراز رائٹیرس آرٹسٹس گلڈ اور سچ نیوز کے باہمی اشتراک سے سپرنگ مال لازبل اننت ناگ میں ایک ادبی تقریب منعقد ہو رہی ہے جس میں وادی بھر کے نامور شاعروں ادیبوں اور قلم کاروں کی آمد متوقع ہے۔اور اس پروگرام کا میڈیا پارٹرنرہفت روزہ ندائے کشمیر ہے۔اس سلسلے میں ہفت روزہ ندائے کشمیر نے ایک خاص شمار گوشہ مقبول ویرے کے نام سے بھی شائع کیا ہے جس کی رسم رونمائی تقریب میں کی جائے گی۔