سری نگر:۷۱، جنوری: حکومت نے منگل کے روزجموں و کشمیر میں آن لائن خدمات کے نفاذ پر پیش رفت کی نگرانی کے لئے ایک تال میل سیل تشکیل دیا ۔جے کے این ایس کے مطابق جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ میں تعینات حکومت کے سیکرٹری ڈاکٹر پیوش سنگلاآئی اے ایس کی جانب سے 17جنوری 2023کوجاری ایک گورنمنٹ آرڈر زیر نمبر 62-JK(GAD)آف2023میں کہاگیاہے کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے جموں وکشمیر کے مختلف اضلاع میں فراہم کی جانے والی آن لائن خدمات کی روزانہ کی پیشرفت پر نظر رکھنے کےلئے ایڈیشنل سکریٹری (جی اے ڈی) وکاس ورما(جے کے اے ایس) کی مجموعی نگرانی میں جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ میں ایک کوآرڈینیشن سیل کی تشکیل کی منظوری دی گئی ہے۔ حکمنامے کے مطابق اس تال میل سیل کے کے ممبران میں اکشے راجن(جے کے اے ایس) ڈپٹی سکریٹریجی اے ڈی، محترمہ نیہا بخشی( جے کے اے ایس) انڈر سکریٹری، محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، روپالی اروڑہ( جے کے اے ایس) انڈر سکریٹری جی اے ڈی، ایس آئی او، این آئی سی، اور این آئی سی کے نمائندے اور گگندیپ سنگھ سینئر اسسٹنٹ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹشامل ہیں۔ کوآرڈینیشن سیل سے کہا گیا ہے کہ وہ تمام اضلاع میں فراہم کی جانے والی تمام آن لائن خدمات کی پیش رفت رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر چیف سیکرٹری کے دفتر میں جمع کرائیں۔