راجوری:۲،مارچ:جموں صوبہ کے سرحدی ضلع راجوری کے کیول موڑ پر جمعرات کی صبح ایک منی بس کے اُلٹ جانے سے2 افراد کی موت واقعہ ہو گئی جبکہ7خواتین سمیت 12 دیگر زخمی ہو گئے،جن میں سے2کو جی ایم سی ایسوسی ہسپتال راجوری ریفر کیا گیا۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق ایک منی بس جس میں14 مسافر سوار تھے، جمعرات کی صبح ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر راجوری ضلع کے بدل کنڈی روڑ پر کیول موڑ کے قریب الٹ گئی، جس کے نتیجے میں اس میں سوار14 مسافر زخمی ہوگئے۔حکام نے بتایاکہ سبھی14 زخمیوںکونزدیکی صحت مرکز منتقل کیاگیا۔بلاک میڈیکل آفیسر کنڈی ڈاکٹر اقبال ملک نے بتایا کہ کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کنڈی میں8 زخمیوں کو لایا گیا لیکن ان میں سے2افرادزخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔انہوں نے بتایا کہ6 زخمیوں میں سے2کو جی ایم سی ایسوسی ہسپتال راجوری ریفر کیا گیا ہے۔جاں بحق ہونے والوں کی شناخت30سالہ شکیل احمد ولد محمد بشیر ساکنہ کیول اور 26بدر حسین ولد خان محمد ساکنہ کنڈی کے بطور ہوئی ہے۔ذرائع نے بتایاکہ اس سڑک حادثے میں زخمی ہونے والوںمیں محمدامین وعلم دین،صدام حسین ولداقبال شاہ ،محمدحفیظ ولد محمد نذیر،بلو بیگم زوجہ محمدقدیر،محمدعرفان ولدمنیرحسین ،عبدالرشیدولد سراج الدین،پشپا دیوی،بلو بیگم زوجہ عالم دین ،زاہدہ بیگم زوجہ محمدیونس،پروین اختر،صوبیہ کوثر اورشاہدہ بیگم شامل ہیں ۔