سر ی نگر/10اپریل2023ئ لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے آج یہاں ایس کے آئی سی سی میں لیکچر سیریز ” جی 20 یونیورسٹی کنیکٹ“ سے خطاب کیا ۔اِس لیکچر سیریز کا اِنعقاد سینٹرل یونیورسٹی کشمیر نے وزارتِ خارجہ اَمور اور ترقی پذیر ممالک کے لئے ریسرچ اینڈ اِنفارمیشن سسٹم کے اِشتراک سے کیا تھا۔مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے سکالروں ، ماہرین تعلیم ، پروفیسروں اور طلباءکی بڑی تعداد کے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پوری قوم کے لئے فخرکی بات ہے کہ ہمارا ملک جی 20 کی صدارت سنبھال رہا ہے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ اِنڈیا عالمی لیڈر بننے کی راہ پر گامزن ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ملک گیر جی 20 پروگراموں کا بنیادی مقصد دُنیامیں اِنڈیا کے کردار کے بارے میں بیداری پھیلانے کے لئے لوگوں اور نوجوانوں کو برانڈ ایمبسیدر کے طور پر شامل کرنا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے کہا کہ اِنڈیا کی جی 20 صدارت کا تھیم ” واسودھا ئیو ا کٹم بکم “ ( ایک زمین ۔ ایک کنبہ ۔ ایک مستقبل) تمام زندگیوں ۔اِنسانوں ، جانوروں ، پودوں اور مائیکرو جنزموں اور کرہ اَرض اور وسیع کائنات میں ان کے باہمی ربط کی تصدیق کرتا ہے۔ اُنہوں نے مزیدکہا کہ جی 20 کی صدارت 15 اگست 2022ءکو اَپنی آزادی کی 75ویں سالگرہ سے شروع ہونے والے 25 سالہ دور امرت کال کے آغاز کو بھی نشان زد کرتی ہے جو اس کی آزادی کی سو سال تک ایک مستقبل ، خوشحالی ، جامع اور ترقی یافتہ معاشرہ کی طرف لے جائے گی۔