سری نگر:۸۱،اپریل: جموں وکشمیر حکومت نے بے زمین لوگوںکومکانات بنانے کیلئے زمین فراہم کرنے کی ایک جامع پالیسی مرتب کی ہے ،اور اس پالیسی کے قواعد وضوابط کوحتمی شکل دی گئی ہے جبکہ لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا کی سربراہی میں انتظامی کونسل کی عنقریب ہونے والی میٹنگ میں پالیسی کومنظوری دی جائے گی جس کے بعد زمین کی الاٹمنٹ پالیسی نافذ ہو جائے گی۔جے کے این ایس کے مطابق جموں وکشمیرکی حکومت بے زمین لوگوں کےلئے وزیر اعظم آواس یوجناPMAY کے تحت مکانات کی تعمیر کے لئے زمین کی الاٹمنٹ پالیسی تیارکرلی ہے جبکہ جموں وکشمیر میں بے زمین لوگوں کو زمین الاٹ کرنے کا اب تک کوئی انتظام نہیں تھا اوروزیر اعظم آواس یوجنا PMAYکے تحت مکانات صرف ان لوگوں کےلئے بنائے جا رہے تھے جن کے نام اپنی زمینیں تھیں۔ایک میڈیا رپورٹ میں اس اہم پیش رفت کے بارے میں رپورٹ کیاگیاہے کہ کچھ دن پہلے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اس سلسلے میں ایک اہم اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ جموں و کشمیر میں ایسے لوگوں کو زمین الاٹ کرنے کا کوئی قانون نہیں ہے جن کے پاس یہ نہیں ہے کہ وہ پرائم منسٹر آواس یوجنا کے تحت اپنے مکانات تعمیر کر سکیں۔ حکومت جلد ہی قانون لے کر آئے گی تاکہ بے زمین لوگوں کو PMAY کے تحت مکان ملیں۔ سرکاری ذرائع کے حوالے سےنیوزرپورٹ میں بتایاگیاہے کہ جموں وکشمیرانتظامیہ اب بے زمین لوگوں کو سرکاری زمین الاٹ کرنے کے قوانین کےساتھ تیار ہے تاکہ شہری اور دیہی دونوں علاقوں میں وزیر اعظم آواس یوجنا کے تحت مکانات کی تعمیر کی سہولت فراہم کی جا سکے۔ذرائع نے کہاکہ قوانین کو لیفٹیننٹ گورنر کی سربراہی میں انتظامی کونسل سے جلد ہی منظوری دی جائے گی جس کے بعد زمین کی الاٹمنٹ پالیسی نافذ ہو جائے گی۔سرکاری ذرائع کے مطابق، حکومت اس سال جنوری-فروری میں انسداد تجاوزات مہم کے دوران حاصل کی گئی زمین میں سے کچھ کو بے زمین لوگوں کو خاص طور پر مکانات کی تعمیر کے مقصد کے لئے الاٹ کرنے کےلئے استعمال کر سکتی ہے جہاں زمین رہائشی مقاصد کےلئے موزوں ہو۔ دیگر معاملات میں، زمین دوسرے علاقوں میں الاٹ کی جائے گی جہاں ریاستی زمین دستیاب ہے اور مکانات تعمیرکئے جا سکتے ہیں۔انسداد تجاوزات مہم کے دوران، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہانے کہا تھا کہ لوگوں سے چھین لی گئی تجاوزات کی اراضی کو اسکولوں، اسپتالوں اور عوامی مقاصد کے دیگر مقامات کی تعمیر کےلئے استعمال کیا جائے گا۔نیوز رپورٹ میں دئیے گئے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال 2023-24کے دوران جموں و کشمیر میں بے گھر خاندانوں کے لئے وزیر اعظم آواس یوجنا،جی کے تحت 40ہزار نئے مکانات الاٹ کئے گئے ہیں، 18934 رہائشی یونٹ وزیر اعظم آواس یوجنایوکے تحت مکملکئے گئے ہیں جبکہ 87ہزار350 ،IHHLs اور 2500،CSCsتعمیر کیے جانے ہیں۔حکام نے بتایاکہ جموں و کشمیر میں مسئلہ یہ تھا کہ کچھ غریب لوگ جو وزیر اعظم آواس یوجنا کے تحت مکانات کے مستحق تھے ،ان کے نام پر زمین نہیں تھی۔ اس لئے ان کے لئے مکانات تعمیر نہیںکئے جا سکے۔ مزید برآں، دیگر ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے برعکس بے زمین لوگوں کو مکانات کی تعمیر کےلئے زمین کی الاٹمنٹ کا کوئی قانون نہیں ہے جس میں PMAYکے تحت منظور شدہ مکانات کو بڑھانے کے لیے لوگوں کو زمین دینے کا انتظام ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ جموں و کشمیر حکومت کو بے زمین لوگوں کو وزیر اعظم آواس یوجنا PMAY کے تحت مکان کی تعمیر کے لیے منظوری دینے سے پہلے انہیں زمین الاٹ کرنے کا بندوبست کرنا پڑا۔