سری نگر:۹۱، اپریل: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی منگل سے پورے جموں وکشمیرمیں وقفے وقفے سے تیز اور موسلا دار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور پوری رات بارشیں ہونے سے درجہ حرارت میں بھی کمی واقعہ ہوئی ہے ۔بارشوں کاسلسلہ جاری رہنے سے جہاں ٹوٹی پھوٹی سڑکوںکے گڑھوںمیں پانی جمع ہوکر راہگیروںکیلئے مشکلات کاباعث بن گیاہے ،وہیں چوراہوں اور سڑک کناروں پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے معمول کی عوامی نقل وحمل اور عیدکے موقعہ پر ممکنہ حوصلہ افزاءکاروباری سرگرمیاں بھی اثرانداز ہوئی ہیں ۔اس دوران معلوم ہواکہ مژھل سمیت کچھ بالائی علاقوںمیں ہلکی برف باری کاسلسلہ جاری رہا۔جے کے این ایس کے مطابق منگل کی شام سے موسمی صورتحال ابت رہنے کے بعد پوری رات جموں وکشمیر کے بیشتر اضلاع وعلاقوںمیں کبھی دھیمی تو کبھی تیز بارشوں کاسلسلہ جاری رہا۔محکمہ موسمیات نے بتایاکہ منگل کوصبح ساڑھے8بجے سے بدھ کی صبح ساڑھے 8بجے تک پورے جموں وکشمیر میں اچھی بارشیں ہوئی ہیں ۔محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے بتایاکہ گزشتہ 48گھنٹوںکے دوران یعنی بدھ کی صبح ساڑھے8بجے تک اننت ناگ میں31 ملی میٹر، کولگام میں15 ملی میٹر، پلوامہ میں 29 ملی میٹر، شوپیاں میں 35 ملی میٹر، قاضی گنڈ میں 50 ملی میٹر، پہلگام میں 63.4 ملی میٹر، کوکرناگ میں 37.8 ملی میٹر، سری نگر میں 22.9 ملی میٹر،گلمرگ میں 51.7 ملی میٹر، بارہمولہ میں26.7 ملی میٹر، بانڈی پورہ میں25.3 ملی میٹر،گاندربل میں28.7 ملی میٹراوربڈگام میں24.6ملی میٹر، بانہال میں 66.4 ملی میٹر، جموں17.1 ملی میٹر، کٹرہ22.2 ملی میٹر، اور کٹھوعہ 3.4 ملی میٹربارش ریکارڈکی گئی ہے ۔اس دوران بدھ کوصبح سے بارشوں کاسلسلہ جاری رہنے سے کشمیر وادی اور جموں صوبے کے کئی اضلاع میںمعمول کی عوامی نقل وحمل اثرانداز رہی ،جسکے نتیجے میں عیدالفطر کے پیش نظر بازاروں میں رہنے والی گہما گہمی بھی ماند پڑگئی اور کاروباری سرگرمیاں بھی بُری طرح سے متاثر رہیں ۔بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے سے دریاﺅں اورندی نالوںمیں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے ،تاہم محکمہ آبپاشی وفلڈ کنٹرول کشمیر نے بدھ کوکہاکہ ابھی کشمیرمیں سیلاب جیسی کوئی صورتحال نہیں ہے اور لوگوںکو گبھرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔محکمہ موسمیات نے کہاکہ بدھ کوصبح سے ہی پورے جموں وکشمیرمیں وقفے وقفے سے ہلکی اور موسلادار بارشوں کاسلسلہ جاری ہے اور بدھ کوشام سے موسمی صورتحال میں بہتری آنے اور بارشوںمیں کمی آنے کی توقع ہے