سری نگر:۸۲،اپریل: کشمیروادی اور جموں خطے کے بیشتر علاقوںمیں برف وباراں کالامتناعی مرحلہ طول پکڑتا جارہاہے جبکہ محکمہ موسمیات نے 4مئی تک موسمی صورتحال جوںکی توں رہنے کی پیش گوئی کو حالیہ دنوںمیں بار باردوہرایاہے ۔اس دوران جمعرات اور جمعتہ المبارک کی درمیانی رات شروع ہونے والی تازہ بارشوں اورگلمرگ وخطہ پیرپنچال سمیت کئی بالائی علاقوںمیں برف باری کاسلسلہ جمعہ کو بھی وقفے وقفے سے جاری رہا۔محکمہ موسمیات نے جمعہ کی سہ پہر یاشام سے رواں موسمی صورتحال میں بہتری آنے کاامکان ظاہر کیا ہے ۔ بارشوں کا رواں سلسلہ جاری رہنے کی وجہ سے کشمیروادی بالخصوص سری نگر شہر کے سیول لائنز علاقوںمیں سڑکوں اور چوراہوںمیں جگہ جگہ بارشوںکا پانی جمع ہونے سے لوگوںکو عبور ومرور میں سخت مشکلات کاسامنا کرناپڑاجبکہ بارشوںکا سلسلہ جاری رپنے کی وجہ سے معمول کی عوامی نقل وحمل اور کاروباری بشمول سیاحتی سرگرمیاں بھی اثرانداز رہیں ۔جے کے این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق جمعرات کورات دیر گئے سری نگرسمیت پوری کشمیروادی اور خطہ پیرپنچال سمیت جموں خطے کے بیشتر میدانی علاقوںمیں بارشوں اور بالائی مقامات پر تازہ برف باری کاسلسلہ شروع ہوگیا،جو جمعتہ المبارک کو سہ پہر تک وقفے وقفے سے جاری تھا۔محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے بتایاکہ سرینگر اور اس کے ملحقہ علاقوں کیساتھ ساتھ کشمیروادی کے دیگر بیشترعلاقوںمیں جمعرات کورات دیر گئے بارشوں اور گلمرگ سمیت کچھ بالائی علاقوںمیں ہلکی برف باری کاسلسلہ شروع ہوگیا۔محکمہ نے مزید بتایاکہ جموں خطے کے بیشتر میدانی علاقوںمیں بھی دوران شب کہیں ہلکی توکہیں درمیانی درجے کی بارش ہوئی جبکہ خطے پیرپنچال کے بالائی علاقوں بشمول پیرکی گلی میں ہلکی برف باری ہوئی ۔محکمہ موسمیات نے بتایاکہ میدانی علاقوںمیں وقفے وقفے سے ہلکی ،درمیانی اور تیز بارشوں کا سلسلہ جمعہ کوپورے دن جاری رہا اور ابھی یعنی سہ پہرتک برف وباراںکا تازہ سلسلہ جاری ہے ۔تاہم محکمہ موسمیات نے جمعہ کی سہ پہر یاشام سے رواں دگرگوں موسمی صورتحال میں بہتری آنے کاامکان ظاہر کیا۔اس دوران تازہ بارشوں اور کچھ بالائی علاقوںمیں برف باری ہونے کی وجہ سے پوری کشمیروادی میں درجہ حرارت میں کمی کے باعث معمول کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔ بارش کی وجہ سے سری نگر شہر کے سیول لائنز اور کئی نشیبی علاقوں کی سڑکیں،گلی کوچے ،چوراہے اور بازاربارشوںکے پانی میں ڈوب گئے۔محکمہ موسمیات نے جمعہ کی صبح بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وادی کشمیر اور جموں خطہ کے الگ تھلگ مقامات پر وسیع بارش ہوئی جبکہ گلمرگ اورخطہ پیرپنچال سمیت بالائی علاقوں میں دوران شب اور جمعہ کوبھی تازہ برف باری ہوئی۔محکمہ موسمیات کے دفتر نے بتایا کہ شمالی کشمیر کے گلمرگ میں رات بھر 8.8 سینٹی میٹر تازہ برف باری ہوئی جس سے سیاحوں کی خوشی ہوئی،تاہم یہاں معمول کی نقل وحمل اورسیروتفریح متاثر ہوئی۔محکمہ نے مزید کہاکہ پیر پنجال پہاڑی سلسلے سمیت وادی کشمیر کے دیگر کچھ بالائی علاقوں میں بھی تازہ برف باری ہوئی۔محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد نے جمعہ کی صبح بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سری نگر میں 18.6 ملی میٹر، قاضی گنڈ میں6.8 ملی میٹر، پہلگام میں 7.7 ملی میٹر، کپواڑہ میں15.3 ملی میٹر، کوکرناگ میں 5.0 ملی میٹر، گلمرگ میں 26.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات نے مزید بتایاکہ تازہ بارشوں اور بالائی مقامات پر برف باری کے نتیجے میں پوری کشمیروادی میں سردی کی واپسی ہوئی ہے کیونکہ درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقعہ ہوئی ہے۔انہوںنے بتایاکہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات سری نگرمیں کم سے کم درجہ حرارت 6.5ڈگری سینٹی گریڈ درج ہواجبکہ قاضی گنڈمیں6.8،پہلگام میں4.2،کپوارہ میں5.6،کوکرناگ میں5.7 اورگلمرگ میں منفی 1.0ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔دریں اثناءمحکمہ موسمیات نے جمعہ کوعلی الصبح جاری کردہ تازہ موسمیاتی ایڈوائزری میں کہاکہ جمعہ کوپوری کشمیروادی اور جموں خطے کے الگ تھلگ مقامات پر وسیع بارشیں ہونے کاامکان ہے ۔محکمہ موسمیات نے کہاکہ کشمیراور جموں خطے میں بعددوپہریا شام سے موسمی صورتحال میں بتدریج بہتری متوقع ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد نے مزید بتایاکہ29اپریل سے2مئی تک مطلع جزوی طور پر ابرآلودرہنے کے بیچ بعددوپہریا شام سے الگ تھلگ پر گرج چمک کیساتھ بارشیں ہونے کا50فیصد امکان ہے جبکہ 3اور4مئی کو جموں وکشمیرمیں بڑے پیمانے پر گرج چمک کیساتھ بارش ہونے کاامکان ہے جبکہ کچھ مقامات پر موسلادار اوربھاری بارش ہوسکتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ مجموعی طور پر آج یعنی27اپریل سے 4مئی تک جموں وکشمیرمیں بے ترتیب موسمی صورتحال جاری رہے گی۔ماہرموسمیات ڈاکٹر مختار احمدنے کہاکہ کسانوں کو پھریہ مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ 4 مئی تک اپنے کھیتوں اور باغات میں دواپاشی نہ کریں۔