سید اعجاز
سرینگر//سی ٹی یونیورسٹی آف پنجاب نے کشمیر یونیورسٹی کے تعاون سے آج کشمیر یونیورسٹی کے کانووکیشن کمپلیکس میں "نوجوانوں کے لئے مواقع کھولنا” کے موضوع پر ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر پی پی ایس بمنہ سری نگر کے پانچ اساتذہ کو بہترین استاد کے ایوارڈ سے نوازا گیا، اس کے علاوہ ادارے کے پرنسپل کو وادی کے 15 بااثر پرنسپلوں میں شامل ہونے پر ایک یادگاری اعزاز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر کشمیر یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر نیلوفر خان اور سی ٹی یونیورسٹی آف پنجاب کے چانسلر چرنجیت سنگھ چنی مہمان خصوصی تھے۔ ورکشاپ میں نوجوانوں کے لیے مہارت پر مبنی مواقع کو مدنظر رکھتے ہوئے NEP 2020 پر مرکزی توجہ دی گئی۔ ورکشاپ کے دوران دونوں یونیورسٹیوں کے پروفیسرز نے مہمان خصوصی کے ساتھ نوجوان نسل کی مجموعی ترقی پر روشنی ڈالی۔ سی ٹی یونیورسٹی کے جوائنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر منیندر پال سنگھ نے طلباءکی مہارت پر مبنی تعلیم کی حوصلہ افزائی کی۔تقریب میں پولیس پبلک سکول بمنہ سرینگر نے بڑے جوش و خروش سے حصہ لیا۔ پانچ اساتذہ بشمول جناب شیخ روف، جناب میر ظہور، جناب یاسر یوسف، محترمہ زیزا مشتاق اور محترمہ شبنم ملک کو بہترین استاد کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ مزید یہ کہ ورکشاپ میں ادارے کے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباءکو اسناد دی گئیں۔ پی پی ایس بمینہ کے پرنسپل کو وادی کے 15 بااثر پرنسپلز میں شامل ہونے پر ایک یادگاری اعزاز سے بھی نوازا گیا۔