سری نگر، 04 مئی، شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں پٹن کے کریری علاقے میں جمعرات کو سیکورٹی فورسز کے ساتھ ایک تصادم میں لشکر طیبہ کے دو جنگجو مارے گئے۔
ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کشمیر وجے کمار نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ کریری میں صبح کے وقت ہونے والی فائرنگ کے تبادلے میں لشکر طیبہ کے دو ملی ٹینٹ مارے گئے۔دونوں کی شناخت شاکر ماجد نجار اور حنان احمد کے طور پر ہوئی ہے جو شوپیاں ضلع سے تعلق رکھتے ہیں۔ دونوں نے مارچ 2023 کے مہینے میں عسکریت پسندی میں شمولیت اختیار کی۔ اعلیٰ پولیس اہلکار نے کہا کہ مزید تفتیش جاری ہے۔ان کے قبضے سے ایک اے کے 47 رائفل اور ایک پستول برآمد ہوا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق پولیس اور فوج کی ایک مشترکہ ٹیم نے کریری میں رات کا محاصرہ اور تلاشی آپریشن شروع کیا۔جیسے ہی فورسز کی مشترکہ ٹیم مشتبہ مقام کے قریب پہنچی تو چھپے ہوئے عسکریت پسندوں نے فورسز پر فائرنگ کردی جس سے فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔