راجوری:۵،مئی: : جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع راجوری کے کنڈی جنگل میں جمعہ کی صبح ملی ٹنٹ مخالف آپریشن کے دوران ایک ہلاکت خیز دھماکے میں5فوجی جوان جاں بحق اور فوج کاایک میجرزخمی ہوگیا ،جن کو کمانڈ ہسپتال اودھم پورجموں پہنچا دیا گیا ہے۔اضافی فورسزکمک طلب کرکے اس پورے جنگل میں موجود ملی ٹنٹوں کیخلاف آپریشن کو تیز کردیاگیا ہے اوراس مقصد کیلئے ڈرون اور سونگھنے والے کتوں کو بھی استعمال کیا جارہاہے ۔جے کے این ایس کے مطابقحکام نے بتایا کہ جموں و کشمیر کے راجوری ضلع کے گھنے جنگلات والے کنڈی علاقے میں دہشت گردوں کی طرف سے جمعہ کو ایک دھماکے میں5 فوجی اہلکار جاں بحق اورفوج کا ایک میجر زخمی ہو گئے۔حکام نے بتایا کہ دہشت گردوں کاخاتمہ کرنے کیلئے گھنے جنگل میں آپریشن جاری ہے۔حکام نے بتایاکہ جمعہ کوصبح کے وقت ا سپیشل فورسز کے2 فوجی جوان ہلاک اور میجر سمیت 4 زخمی ہوئے۔ بعد میں 3 زخمی اہلکاروں نے اودھم پور کے کمانڈ اسپتال میں دم توڑ دیا۔ادھم پور میں فوج کے ایک ترجمان نے کہا کہ آپریشن ابھی بھی جاری ہے۔ فوج کی شمالی کمان کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ فوج کے اہلکار گزشتہ ماہ پونچھ ضلع کے علاقے بھاٹا دھریاں کی توتا گلی علاقے میں ایک آرمی ٹرک پر گھات لگا کر حملے میں ملوث دہشت گردوں کے ایک گروپ کو ختم کرنے کےلئے انٹیلی جنس کی بنیاد پر مسلسل آپریشن کر رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ راجوری سیکٹر کے کنڈی جنگل میں دہشت گردوں کی موجودگی کے بارے میں مخصوص اطلاع پر، 3مئی کو ایک مشترکہ آپریشن شروع کیا گیا تھا۔ جمعہ کی صبح تقریبا ساڑھے7 بجے، ایک تلاشی ٹیم کا ایک غار میں موجود دہشت گردوں کے ایک گروپ سے رابطہ قائم ہو۔ یہ علاقہ پتھریلی اور کھڑی چٹانوں کےساتھ گھنے جنگل والا ہے۔ فوج کی شمالی کمان نے مزید کہاکہ غار میں گھسنے کی کوشش کرنے والے سیکورٹی اہلکاروں کی جانب دہشت گردوں نے ایک دھماکہ خیز آلہ یامادہ چلایا۔ فوج کی ٹیم کو 2 ہلاکتوں کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ میجررینک کے ایک افسر سمیت4 مزید فوجی زخمی ہوئے ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ زخمی ہونے والے تین اہلکاروںکی موت واقعہ ہونے کے بعد ہلاکتوںکی تعداد5 ہو سکتی ہیں۔دفاعی ذرائع نے بتایاکہ ضلع راجوری کے کنڈی جنگل میں زخمی ہونے والے سبھی اہلکاروںکو کمانڈ ہسپتال، ادھم پور پہنچا دیا گیا ،جہاں3اہلکارزخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑبیٹھے جبکہ جائے دھماکہ پر پہلے ہی2فوجی جاں بحق ہوئے تھے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ آس پاس سے اضافی ٹیموں کو تصادم کی جگہ پر بھیج دیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق، دہشت گردوں کا ایک گروپ علاقے میں پھنسا ہوا ہے۔فوج نے بیان میں مزید کہاکہ دہشت گرد گروپ میں ہلاکتوں کا امکان ہے اور آپریشن جاری ہے۔حکام نے بتایا کہ راجوری علاقے میں موبائل انٹرنیٹ کی سہولیات کو معطل کر دیا گیا ہے۔دریں اثناءفوجی حکام کے مطابق دہشت گردوں کا تعلق اسی گروپ سے ہے جس نے 20 اپریل کو فوج کے ایک ٹرک پر گھات لگا کر حملہ کیا تھا جس میں کم از کم5 فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہوا تھا۔فوج نے کہا کہ آپریشن جاری ہے اور مزید تفصیلات معلوم کی جا رہی ہیں۔