سرینگر /09دسمبرپارلیمانی انتخابات سے قبل بی جے پی کی ساخت بڑھانے کیلئے وزیر داخلہ امیت شاہ رواں ماہ کے آخر میں جموں کشمیر کے دورے پر وارد ہو رہے ہیں جس دوران وہ بی جے پی کیلئے سال 2024 لوک سبھا انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔سٹار نیوز نیٹ ورک کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سال 2024 کے پارلیمانی انتخابات کیلئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی انتخابی مہم کا آغاز کرنے کیلئے اس ماہ کے آخر تک جموں و کشمیر کا دورہ کرنے والے ہیں۔بی جے پی کے جموں کشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینا نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے پارٹی کارکنوں کے حوصلے کو بڑھانے کیلئے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی ریلی کیلئے پارٹی ہائی کمان سے باضابطہ طور پر درخواست کی ہے۔انہوں نے کہا ”ہم نے پارٹی ہائی کمان کو مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی جموں میں ایک ریلی کے لیے درخواست بھیجی تھی تاکہ پارٹی کارکنوں کے حوصلے بلند کرنے کے لیے جموں و کشمیر میں بی جے پی کی 2024 کے لوک سبھا انتخابی مہم کا آغاز کیا جا سکے“۔بی جے پی کے اندر ذرائع نے انکشاف کیا کہ ہائی کمان نے شاہ کے دورے کیلئے رضامندی دے دی ہے اور مرکزی وزیر داخلہ کے جموں میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرنے کی امید ہے۔ سیکورٹی کے پہلوو¿ں کو مدنظر رکھتے ہوئے مقام کو حتمی شکل دینا ابھی باقی ہے۔امیت شاہ اپنے دورے کے دوران جموں میں ہائی ٹیک ای بسوں کا بھی افتتاح کریں گے جو جموں اور سرینگر دونوں شہروں میں اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کا حصہ ہے۔ اس دورے کو نہ صرف بی جے پی کی انتخابی مہم کا آغاز کرنے بلکہ خطے میں جدید اور پائیدار عوامی نقل و حمل کو فروغ دینے کے لیے ایک حکمت عملی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سال 2024کے ماہ اپریل اور مئی میں لوک سبھا کے انتخابات ہونے والے ہیں اور اس دوران جہاں ملک بھر کے ساتھ ساتھ جموں کشمیر میں بھی مختص پارلیمانی سیٹوں پر بھی ووٹنگ ہو گی ۔