جموں ، راجوری ، پونچھ 2 مارچ 2024 ئ لفٹینٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے آج پونچھ اور راجوری میں روٹری کلب کے زیر اہتمام میگا ہیلتھ کیمپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ تربیت یافتہ ماہرین کے سرجیکل علاج کیلئے مکمل تعاون اور انتظامات فراہم کرنے اور سرحدی اضلاع میں ایک ہفتہ تک چلنے والے ہیلتھ کیمپ کے دوران 600 سے زائد سرجریوں اور دور دراز علاقوں کے لوگوں کو فائدہ پہنچانے میں نمایاں شراکت کی تعریف کی ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ” میں اپنے ڈاکٹروں اور روٹری کلب کے ممبران کو لوگوں کیلئے وقف اور بے لوث خدمات کیلئے سلام پیش کرتا ہوں ۔ “ انہوں نے محکمہ صحت کی طرف سے لاجسٹک فراہم کرنے اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ہر طرح کے تعاون کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ کوششوں نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ راجوری اور پونچھ کے لوگ بغیر کسی مالی بوجھ کے خصوصی سرجری کے فوائد حاصل کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے روٹری کلب پر زور دیا کہ وہ ڈوڈہ اور کشتواڑ کے لوگوں کیلئے اسی طرح کا خصوصی ہیلتھ کیمپ منعقد کرے ۔ ڈاکٹروں ، نرسنگ سٹاف ، روٹری کلب کے ممبران اور محکمہ صحت کے افسران کی ٹیم سے خطاب کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے جموں و کشمیر انتظامیہ کے تمام لوگوں کو معیاری ، سستی اور قابلِ رسائی صحت کی دیکھ بھال کی خدمات فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔
لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی جی کی رہنمائی میں ہم نے یو ٹی میں صحت کے فرق کو ختم کرنے میں بڑی کامیابی حاصل کی ہے ۔