سری نگر/12 جولائی2024ئ
صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بدھوری نے یاتریوں کو آسانی سے سہولیت فراہم کرنے کو یقینی بنانے کے لئے یاترا ٹرانزٹ کیمپ پنتھا چوک کا اچانک دورہ کیا۔
اِس موقعہ پر صوبائی کمشنر کشمیر کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ، کمشنر ایس ایم سی ڈاکٹر اویس احمد، آر اینڈ بی ، جل شکتی ، کے پی ڈِی سی ایل کے علاوہ دیگر محکموں کے اَفسران نے یاتریوں کو آسانی سے سہولیت فراہم کرنے کے لئے کئے گئے انتظامات کا اَز خودجائزہ لیا۔صوبائی کمشنر کشمیر نے دورے کے دوران سائٹ پر مختلف سہولیات کی فزیکل صورتحال کا معائینہ کیا جن میں بجلی، پینے کے پانی، صفائی، پارکنگ کی جگہ کے علاوہ طبی سہولیات بھی شامل ہیں۔اُنہوں نے کیمپ میں قائم فوڈ لنگروں کے کام کاج کا بھی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے لنگر کے کارکنوںسے بات چیت کی۔ اِس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر نے عارضی رہائش گاہوں، عوامی سہولیات، فرسٹ ایڈ اینڈ ہیلتھ کیمپ، واٹر مینجمنٹ وغیرہ کا معا ئینہ کیا۔صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بدھوری نے محکموں سے کہا کہ وہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لئے کیمپ میں اضافی انتظامات کا انتظام رکھیں تاکہ یاتریوں کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ مزید بتایا گیا کہ ہالٹ کیمپ میں پینے کے پانی اور بجلی کی سہولیات کے حوالے سے تمام ضروری اِنتظامات پہلے ہی مکمل کئے گئے ہیں۔