سری نگر/13 جولائی2024ئلیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے آج کہا کہ جموں و کشمیر مرکزی حکومت اور ایل جی کی قیادت والی موجودہ اِنتظامیہ کی جانب سے کئے گئے اہم اقدامات کی وجہ سے بے مثال ترقی کا مشاہدہ کر رہا ہے۔اُنہوں نے ان باتوں کا اِظہار آج یہاں ہوٹل ریڈیسن کلیکشن میں کنفیڈریشن آف اِنڈین انڈسٹری (سی سی آئی) کی تیسری ناردرن ریجنل کونسل میٹنگ اور اِنڈسٹری اِنٹرایکشن سے خطاب کرنے کے دوران کیا۔
مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے صنعت کاروں، کاروباری پیشہ ور اَفراد اور دیگرشراکت داروںکے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر ایک اہم صنعتی تبدیلی کے لئے تیار ہے۔ اُنہوں نے کہا،”ہم نے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے، کاروبار میں آسانی کو یقینی بنانے اوراِختراع کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی ہے۔ ہمارا مقصد جموں و کشمیر کو مینوفیکچرنگ سے لے کر اِنفارمیشن ٹیکنالوجی تک کی صنعتوں کے لئے ایک پُرکشش مقام بنانا ہے۔“
اُنہوں نے جموں و کشمیر میں صنعتی ترقی کے لئے مختلف سٹریٹجک منصوبوں کا خاکہ پیش کیا اور سرمایہ کاروں کے لئے سازگار کاروباری ماحول اور مختلف مراعات پیدا کرنے کے لئے حکومت کے عزم کی عکاسی کی۔
مشیر موصوف نے مزید کہا کہ حکومتی سکیموںکے کامیاب عمل آوری سے ہمارے صنعتی منظر نامے میں تبدیلی آ رہی ہے اور ایک مضبوط ماحولیاتی نظام کو فروغ مل رہا ہے جو دیرپا اِقتصادی معاشی ترقی کے لئے تیار ہے۔