سری نگر/31جولائی2024ئپرنسپل سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار شیلندر کمار نے آج یہاں زرعی کمپلیکس لال منڈی میں کشمیر اور جموں صوبوں کی کرشی ادھیامیوں کے ساتھ ایک اِستفساری سیشن کی صدارت کی جس میں کسان خدمت گھروں ( کے کے جی )کے قیام کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔دوران میٹنگ پرنسپل سیکرٹری نے متعلقہ اضلاع کے کرشی ادھیامیوں کے ساتھ بات چیت کی۔ اُنہوں نے کسان خدمت گھروں کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔شیلندر کمار نے متعلقہ افسران کو تمام تیاریوں کو حتمی شکل دینے کی ہدایت دی تاکہ کسان خدمت گھروں ( کے کے جی ) کو اگست کے پہلے ہفتے کے مقررہ وقت تک فعال بنایا جا سکے۔پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ آنے والے دنوں میں یہ کسان خدمت گھروں ( کے کے جی ) مراکز بن جائیں گے جہاں سے کسانوں کو سرکاری سکیموں، زراعت اوراس سے منسلک شعبوں میں جدید رجحانات اور ٹیکنالوجیوں اور زرعی اِن پٹ تک آسان رَسائی حاصل ہوگی۔میٹنگ میں ڈائریکٹر زراعت کشمیر چودھری محمد اِقبال ، مختلف اضلاع کے کرشی ادھیامی اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔